حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/ حوزہ علمیہ قم میں ہندستانی افاضل و دانشوران کے علمی اور تحقیقی مرکز ’’مجمع محققین ہند‘‘کے شعبہ قرآن وحدیث کے ذریعہ ’’گیتا میں حق تک رسائی کے راستوں کا جائزہ قرآنی محوریت کے ساتھ‘‘ کے عنوان سے ایک علمی نشست کا انعقاد ہوا،جس میں حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ذوالفقار حسین صاحب نے اس موضوع سے متعلق اپنی علمی تحقیق پیش کی۔
اس نشست میں مجمع محققین ہند کے سکریٹری حجت الاسلام و المسلمین مولانا محمد باقر رضا سعیدی بھی موجود تھے۔نشست میں حوزہ علمیہ قم کے ہندوستانی افاضل و دانشوران نے شرکت کی۔
قرآن کی سانئسی تفسیر کے سلسلے میں منعقد ہونے والی اس نشست کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا اور اس کے بعد محقق محترم نے تفصیل کے ساتھ اپنے موضوع پر روشنی ڈالی۔
حجت الاسلام والمسلمین مولانا ذوالفقار حسین نے اپنی تمہیدی گفتگو میں کچھ کلیدی مفاہیم کو بیان کیا جیسے حق، حق تک رسائی،گیتا،لقائے الٰہی وغیرہ۔
انہوں نے بتایا کہ اس علمی تحقیق کو پانچ ابواب میں پیش کیا گیا ہے جن میں پہلا باب کلیات اور مقدمات پر مشتمل ہے۔دوسرے باب میں معرفت،تیسرے باب میں عمل،چوتھے باب میں عشق و محبت سے متعلق قرآن کریم و گیتا کے لحاظ سے تفصیلی بحث کی گئی ہے جو حق تک رسائی کے تین بنیادی عناصر ہیں۔
ڈاکٹر ذوالفقار حسین نے اپنی تحقیق کے آخری باب سے متعلق بتایا کہ اس میں مذکورہ تین عناصر سے متعلق قرآن کریم اور گیتا میں پائے جانے والے اشتراکات اور افتراقات کو پیش کیا گیا ہے اور ایک تقابلی جائزہ لیا گیا ہے۔
حوزہ علمیہ قم کے جواں سال محقق نے اپنی گفتگو کے آخر میں طلبہ اور محققین کے لئے 15 جدید موضوعات پیش کئے تاکہ جو طلبہ اپنے ایم فل اور ڈاکٹریٹ کے لئے تحقیقی مقالہ لکھنا چاہتے ہیں،وہ ان میں سے کسی موضوع کا انتخاب کر سکیں۔
اس نشست کے آخر میں حاضرین نے محترم محقق سے کچھ سوالات بھی کئے جن کے انہوں نے تشفی بخش جواب دئے۔
یاد رہے اس نشست کو مجمع محققین ہند کے فیس بک پیج اور المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کی سائٹ سے آنلائن بھی نشر کیا گیا۔