حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق تقریب مذاہب اسلامی ورلڈ اسمبلی کے جنرل سیکرٹری آیت اللہ محسن اراکی نے شہر قم میں نور اسلامک کمپیوٹر ریسرچ سینٹر(Islamic research center of computer) کے تین جدید سافٹ وئیر کی تقریب رونمائی میں آیات قرآنی میں کلمہ نور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: کلمہ نور قرآن کریم کی بہت ساری آیات میں آیا ہے اور اس کا معنی الٰہی پیغام کا نور ہے کہ جو انسانوں کے راستوں کو منور کرنے کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا: نور، علم، حیات اور ان کے مقابلے میں کلمہ موت قرآن کریم میں انتہائی بنیادی کلمات ہیں۔محققین کو ان کلمات کی طرف زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
آیت اللہ اراکی نے کلمہ نور کے اصلی معنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:قرآن کریم کی بہترین تفسیر اہل بیتؑ نے کی ہے اور اہل بیتؑ نے نور کا معنی" امیر المؤمنین علیؑ اور ان کے جانشینوں کی ولایت" کیا ہے۔
تقریب مذاہب اسلامی ورلڈ اسمبلی کے جنرل سیکرٹری نے کمپیوٹر اسلامک ریسرچ سینٹرکی انتہائی عمدہ کارگردگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:اگر ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارا کام مفید، مؤثر اور دائمی ہے تو یقینا اہل بیتؑ اور امام زمانہ(عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف) کی ہم پر نظر کرم ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا:آج پوری دنیا حق کی آواز سننا چاہتی ہے۔
انہوں نےکہا:ہم ایسی دنیا میں زندگی بسر کر رہے ہیں کہ جس میں لوگ حق یعنی اہل بیتؑ کا پیغام سننے کے منتظر ہیں۔