۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجت الاسلام رضا رمضانی

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین رمضانی نے کہا: دشمن، نوجوان نسل کو علماء سے دور اور متنفر کرنا چاہتا ہے، دشمن یہ نہیں چاہتا کہ لوگ اسلام کو حوزہ علمیہ سے لیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیت (ع)عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین رمضانی نے آج اپنے فقہ کے درس خارج میں امام رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ہر وہ چیز جو انسان کو برائیوں سے بچائے اور نیکیوں کی جانب راغب کرے، اسی کو عقل انسانی کی معراج اور کمال کہا جاتا ہے، انسان کی عقل جب برائیوں سے روکے اور نیکیوں کا حکم دینے تو سمجھ لیں کہ وہ کامل ہو گئی ہے۔

اہل بیت (ع)عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے امام رضا(ع) سے منقول عقل کے کمال کی نشانیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا: امام رضا(ع) نے فرمایا کہ مسلمان کی عقل اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک کہ اس میں دس خصلتیں نہ پائی جائیں: 1- اس سے صرف خیر کی ہی امید کی جا سکتی ہو، 2- لوگ اس کے شر سے محفوظ رہ سکیں، 3- دوسروں کی چھوٹی چھوٹی نیکیوں کو بڑا شمار کرتا ہو، 4- اپنی نیکیوں کو بہت کم اور ناچیز شمار کرتا ہو، 5- لوگ اگر اس سے اپنی ضرورت کی چیزیں چاہیں تو دل کو چھوٹا نہ کرے اور گشادگی قلب کے ساتھ دے، 6- اپنی زندگی میں ہمیشہ علم کی تلاش میں رہے، 7-خدا کی راہ میں غربت کو دولت سے زیادہ محبوب رکھے، 8-خدا کی راہ میں ذلت کو دشمن کے ساتھ عزت سے زیادہ محبوب رکھتا ہو، 9-وہ گمنامی کو شہرت پر ترجیح دیتا ہو، 10-ہر کسی کو خد سے بہتر اور با تقویٰ تر سمجھتا ہو۔

اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ آج علماء کی ذمہ داریاں زیادہ سنگین ہو گئی ہیں، کہا:انقلاب اسلامی ایران کی حکومت کی تشکیل میں علمائے کرام کا کردار نمایاں رہا ہے، دوسری جانب دشمن بھی علماء کی توہین کر کے ان کو حکومتی دائرے سے نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مجلس خبرگان رہبری کے رکن نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: دشمن، نوجوان نسل کو علماء سے دور اور متنفر کرنا چاہتا ہے، دشمن یہ نہیں چاہتا کہ لوگ اسلام کو حوزہ علمیہ سے لیں، جب کہ ہمیشہ سے ہی اسلام حوزہ علمیہ کی بدولت باقی رہا ہے اور باقی رہے گا، یقیناً ہماری کوتاہیاں بھی رہی ہیں جن کی ہمیں شناخت کرنی چاہیے اور انہیں صحیح کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .