۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
آئی ایس او

حوزه/ عالمی یوم القدس کے موقع پر آئی ایس او لاہور پاکستان کے تحت ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک القدس ریلی نکالی گئی۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن اور مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیر اہتمام لاہور میں مال روڈ ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک عالمی یوم القدس کی مناسبت سے القدس آزادی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر فخر نقوی، مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علی اکبر کاظمی، جامعتہ المصطفیٰ کے آغا محمد خان مہدی، افسر حسین خان، امامیہ آرگنائزیشن سے حسن رضا نقوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان سے عثمان علی اور آغا جواد موسوی نے کی۔

القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم القدس فلسطین،کشمیر، عراق، شام اور یمن کے مظلومین کی داد رسی کا دن ہے۔ حضرت امام خمینی ؒنے دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور کی مانند ہے۔ عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔ اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اس کا خاتمہ ہے ان شا اللہ یہ سال اس سرطانی پھوڑے کے خاتمے کا آخری سال ہوگا۔

واضح رہے کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منایا گیا تاہم ان ریلیوں کی قیادت آئی ایس او پاکستان کے رہنماؤں نے کی۔ مرکزی صدر حسن عارف، مرکزی جنرل سیکرٹری معمر نقوی نے اسلام آباد، مرکزی سینئر نائب صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان جناب سید فخر نقوی لاہور، مرکزی معاون ڈپٹی جنرل سیکرٹری علی اشتر نے چنیوٹ، مرکزی نشرو اشاعت سیکرٹری حیدر ثقفی نے ملتان، تقی کاظمی نے حیدر آباد، سید شوکت شیرازی نے کوہاٹ اور تنصیر حیدر نے جھنگ میں ریلیوں سے خطاب کیا جبکہ ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سڑک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکائے ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار برائت کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق، ریلی کے شرکاء امریکہ اور اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضاء ساڑھے 5 گھنٹے تک مسلسل مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل اور اسرائیل کے ہمدرد مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ پاکستان کا فلسطین کاز کے ساتھ ایک تاریخی رشتہ ہے جسے کسی کو ختم کرنے نہیں دیا جائے گا۔ قائد اعظم محمد علی جناح ہم پاکستانیوں کے قائد ہیں جنہوں نے یہ بتایا کہ اسرائیل ایک جعلی ریاست ہے اور پاکستان اسے تسلیم نہیں کرے پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرنے والے ملک دشمن عناصر ہیں ان ملک دشمن عناصر کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔حکومت پاکستان نظریہ قائد اعظم کے مطابق مسئلہ فلسطین پہ اپنا اصولی موقف واضح کرے پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ارضِ پاکستان میں سے نعرہ مسلسل گونج رہا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے اور پاکستان اسے ہرگز تسلیم نہیں کرے گا فلسطین فلسطینیوں کا ہے پاکستان کے عوام فلسطینی اور کشمیری عوام کے پشتیبان ہیں۔ یوم القدس کی ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ثابت کردیا کہ پاکستان میں اسرائیل کے ہمدردوں کی سرگرمیاں ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ حماس و حزب اللہ اور جہاد اسلامی کا باہمی اتحاد دشمن کی صفوں میں کہرام مچا رکھا ہے اسرائیل نابودی کے سفر پر تیزی سے گامزن ہے۔ایک طرف سے مزاحمت کی کاری ضرب ہے تو دوسری طرف اندر سے صہیونی آباد کاروں کے باہمی فسادات نے صہیونی تابوت میں کیل ٹھونک دی ہے۔ عالمی استعمار کے زخم رسیدہ مسلم ممالک باہم متحد ہورہے ہیں سعودیہ عرب،ایران،شام اور عراق کے درمیان نارملائزیشن دراصل امریکہ کی شکست اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی نابودی کا اعلان ہے۔

مقررین نے کہا کہ عرب دنیا کے بدبخت حکمرانوں نے غاصب اسرائیل کے ساتھ سفارت کاری کی شاید وہ بھول چکے خدا کا فیصلہ ہے کہ فلسطین آزاد ہو کر رہے گا اور اسرائیل نیست و نابود ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک غاصب صیہونی حکومت کی غاصبانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور اس کی کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہونے دیں۔بیت المقدس کی نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے۔

ریلی کے آخر میں شرکاء کی طرف سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی و صہیونی جارحیت کی بھرپور مذمت اور مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ او آئی سی میں شامل تمام اسلامی ممالک مسئلہ قدس کو حل کرانے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اقوام متحدہ اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ قدس پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .