بدھ 16 جولائی 2025 - 17:42
اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی داستان رقم کر رہا ہے، سنی تحریک پاکستان

حوزہ/ چیئرمین پی ایس ٹی انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں ہیں مگر ان کی بھی خاموشی اسرائیل کے حوصلے بڑھا رہی ہے، مسلم ممالک کی فلاح و بہبود کے لیے او آئی سی کو بنایا گیا تھا مگر او آئی سی کسی بھی مظلوم مسلمان کی آواز نہیں بن پا رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل مسلسل فلسطینیوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے، مسلم ممالک کو کب ہوش آئے گا، غزہ میں فلسطینیوں کے لیے کوئی پناہ گزیر کیمپ ایسا نہیں ہے جہاں پر اسرائیل نے ظلم کی حدیں کراس نہ کی ہو۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مسلسل فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی داستان رقم کر رہا ہے، اسرائیل اپنی پش پر بیٹھی ہوئی طاقتوں کے بل بوتے پر مسلمانوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے، پوری دنیا میں جنگی قوانین پر عمل کیا جاتا ہے مگر اسرائیل مسلسل جنگی قوانین کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے، حالت جنگ میں طبی مراکز پناہ گزیر کیمپ پر حملے نہیں کئے جاتے ہیں مگر اسرائیل نے تمام قوانین کو اپنی جوتے کی نوک پر رکھا ہوا ہے۔

ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے تمام مسلم ممالک کو آگے آنا ہوگا، جس دن تمام مسلم ممالک نے اپنی طاقت کو پہچان لیا وہ دن اسلام مخالف قوتوں کا آخری دن ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں ہیں مگر ان کی بھی خاموشی اسرائیل کے حوصلے بڑھا رہی ہے، مسلم ممالک کی فلاح و بہبود کے لیے او آئی سی کو بنایا گیا تھا مگر او آئی سی کسی بھی مظلوم مسلمان کی آواز نہیں بن پا رہی ہے، صیہونی فورسز حملے کرکے معصوم بے گناہ فلسطینیوں کو مسلسل شہید کررہی ہے، فلسطینیوں کے سر پر اس وقت کھلا آسمان ہے مگر ان کے حوصلے بلند ہیں، ہر فلسطین کے دل میں شہادت کا جذبہ موجود ہے اور یہی جذبہ ایمان والوں کی نشانی ہوتا ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ اسلامی تعلیمات امن کا گہوارہ ہیں اور ہماری اس امن پسندگی کو اسلام مخالف قوتیں ہماری کمزوری سمجھ رہی ہیں، اسلام مخالف قوتیں اچھی طرح ذہن نشین کرلیں جہاد مسلمان ہی کرتے ہیں اور جس دن مسلمانوں نے جہاد شروع کرا اس دن انہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha