۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آئی ایس او

حوزہ/ آئی ایس او پاکستان کی جانب سے منعقدہ قرآن و اہلبیت (ع) کنونشن کے اختتام پر، آج نئے مرکزی صدر کا انتخاب ہوگا اور حمایت فسلطین ریلی بھی نکالی جائے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 52 واں قرآن و اہل بیت علیہم السّلام کنونشن جامعہ المصطفیٰ میں جاری ہے۔ کنونشن کے دوسرے روز ” استقامت فلسطین کانفرنس“سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سابق وفاقی وزیر تعلیم منیر گیلانی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی، اوریا مقبول جان، علامہ عقیل موسیٰ اور مرکزی صدر آئی ایس او حسن عارف نے خطاب کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اسرائیل کے خلاف حماس کے آپریشن طوفان الاقصٰی کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں نے استقامت کے ساتھ آزادی کی تحریک کو زندہ رکھا ہے، ضرور کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ ڈھٹائی کے ساتھ قابض اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں، جبکہ عالم اسلام سیاسی اور مسلکی شدت کا شکار ہے۔ ایران اور لبنان سے حماس کو تعاون حاصل ہے جبکہ باقی مسلم ممالک نے تو گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر تعلیم منیر گیلانی نے کہا کہ فلسطینیوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اگر پاکستان کے عوام مصر کے راستے سے پانی پہنچاتے تو ہم بھی اس جہاد میں شامل ہو جاتے۔ اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ مجاہدین کی طرف سے سیز فائر ہوگا تو وہ غلطی پر ہے۔ فلسطینی مجاہدین نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی قوت کے سہارے اس صیہونی شیطانی قوت کو خطے سے باہر نکال کر دم لیںگے۔ اگرچہ امریکہ یا یورپی ممالک برطانیہ، فرانس، جرمنی بھی میدان میں آچکے ہیں مگر حالات بتا رہے ہیں کہ جنگ ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ حماس، حزب اللہ اور القدس فورس کی صورت میں بے خوف و خطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، یقینا اللہ کی نصرت سے یہی کامیاب ہوں گے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ استقامتِ فلسطین کانفرنس آئی ایس او کی اچھی کاوش ہے۔ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ عالم کفر اسرائیل کی مدد کرسکتا ہے تو ہم فلسطین کا ساتھ کیوں نہیں دے سکتے ۔آج کی حماس 30 سال پہلے والی نہیں، حزب اللہ اس کے ساتھ ہے۔ یہ درس کربلا ہے کہ حماس جان دینے کے لئے آگے بڑھ رہی ہے اور اسرائیلی جان بچانے کے لئے چھپ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نام کا ملک تھا اور نہ رہے گا، فلسطین ملک تھا اور رہے گا، ان شاءاللہ ہم اپنی آنکھوں سے اسرائیل کا خاتمہ دیکھیں گے اور مسجد الاقصیٰ میں شیعہ سنی مل کر نماز ادا کریں گے۔ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کی وکالت کرنے والوں کو پاکستان میں تنہا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ متنازعہ فوجداری بل کی منظوری پر شادیانے بجانے والے تکفیری ناکام ہوئے ہیں۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے کہا کہ فلسطینیوں کی مزاحمت اور استقامت رنگ لائے گی۔ مظلوم فلسطینیوں نے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرکے دنیا بھر کے مظلومین کے دلوں کو مسرور کیا ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے عرب ممالک کو منہ کی کھانا پڑے گی، طوفان الاقصیٰ اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

معروف تجزیہ نگار اوریا مقبول جان نے کہا کہ اسلامی ممالک پر مشتمل امت کے پاس 51 لاکھ فوج ہے، ایٹمی قوت بھی ہیں، چل پڑیں تو اسرائیل تباہ ہوجائے گا۔

آئی ایس او کے مرکزی کنونشن کے آخری روز آج (بروز اتوار) مجلس سابقین منعقد ہوگی اور مرکزی مجلس عمومی نئے مرکزی صدر کا انتخاب کرے گی، جبکہ حمایت فسلطین ریلی ناصر باغ سے شروع ہوکر پنجاب اسمبلی ہال پر اختتام پذیر ہوگی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .