۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
میہڑ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے امن احتجاجی ریلی کا انعقاد

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح میہڑ میں بھی یوم جمعہ 20 اکتوبر 2023ء  بعد نماز جمعہ امن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام اور صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل میہڑ حجت الاسلام و المسلمین مولانا عبد الرشید محسنی کی رہنمائی میں ملک بھر کی طرح میہڑ میں بھی یوم جمعہ 20 اکتوبر 2023ء بعد نماز جمعہ مرکزی امام بارگاہ سید بچل شاہ کاظمی میہڑ سے گھنٹہ گھر چونک میہڑ تک پر امن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گھنٹہ گھر المصطفیٰ ص چونک میہڑ پر پر امن ریلی سے جنرل سیکریٹری شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع دادو حجت الاسلام و المسلمین مولانا مجاھد حسین الحسینی، مرکزی رہنما اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان محمد اسماعیل مھدوی، نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع دادو امیر علی حیدری جویو اور حجت الاسلام و المسلمین مولانا عبد الرشید محسنی نے خطاب کیا۔

خطباء نے احتجاجی ریلی میں اسرائیلی بربریت پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی وحشیانہ اقدام کو روکا جائے اور مظلوم فلسطینیوں سے ہونے والے ظلم اور بیت المقدس پر ناجائز قبضہ کو ختم کیا جائے۔

پر امن احتجاجی ریلی میں خطابت کے بعد اسرائیلی جھنڈے کو نظر آتش کیا گیا اور اسرائیلی ناجائز دہشتگرد ریاست کے جلد نابودی کی دعائیں بھی کی گئیں۔ احتجاجی ریلی اپنے روٹ سے ہوتے ہوئے پریس کلب میہڑ پر پہنچی اور صحافی حضرات کو اپنا موقف دیا۔

قابل ذکر ہے کہ پر امن احتجاجی ریلی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل میہڑ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان تحصیل میہڑ، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور بڑی تعداد میں شیعہ و سنی برادران نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .