حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سندھ ایگریکلچرل یونیورسٹی ٹنڈو جام کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور غزہ پر مسلسل امریکی ناجائز اولاد اسرائیل کی بمباری کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد ہاسٹل مین گیٹ سے ٹنڈو جام پریس کلب تک کیا گیا، ریلی میں یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔
ریلی میں مظلوم فلسطینوں کی حمایت میں ۳۰ میٹر لمبا فلسطینی جھنڈا اٹھایا گیا۔
ریلی میں خصوصی شرکت اور مرکزی خطاب کرتے ہوئے اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر عاطف مہدی سیال نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم پر نام نہاد اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کمیشن کی خاموشی، ان اداروں کی امریکی غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل رات المعمدی ہسپتال پر اسرائیل کی بمباری اور امریکی ساخت بموں کا ملنا، امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے مظالم پر اقوام متحدہ، ہیومن رائٹس کمیشن اور او آئی سی کی خاموشی ان کے جانبدار اور امریکی غلامی کا ثبوت ہے۔
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی اداروں اور حکمرانوں سے بھی سوال ہے کہ ہم نہ کشمیر کا دفاع کرسکتے ہیں اور نہ ہی فلسطین کا اور نہ ہی وطن عزیز کا، ہم کب امریکی غلامی سے نکل کر آزادانہ فیصلے کریں گے۔
ریلی کے شرکاء سے اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی سرپرست کونسل کے سکریٹری قمر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عام شہریوں کو نشانہ بنانا غاصب صہیونی حکومت اور امریکہ کے جنگی جرائم اور اس پر OIC کی مکمل خاموشی ایک کھلم کھلا منافقت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان ممالک کے روپ میں ترکیہ کے صدر کی منافقت اور اس کا مکروہ چہرہ واضح ہے، فلسطین میں بھوک، افلاس اور پانی کی قلت، جبکہ ترکیہ اسرائیل کو ٹنوں کی صورت میں خوراک سپلائی کررہا ہے۔
برادر قمر عباس نے کہا کہ الحمدللہ آج مقاومت ایک ایسی جگہ پر ہے کہ وہ دفاعی صورت سے نکل کر حملے کی صورت میں ہے اور ان شاءاللہ بہت جلد بیت المقدس آزاد ہو کر رہے گا، حماس مقاومت کی ایک بہترین علامت بن چکا ہے۔
ریلی کے شرکاء نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، نیتن یاہو پر لعنت، جو بائیڈن پر لعنت اور اے بیت المقدس مت گھبرا یہ خون رگوں میں تیرا ہے، مقاومت زندہ باد اور فلسطین زندہ باد کے نعرے لگائے۔
ریلی سے اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے برادر غلام عباس بلتی نے خطاب میں کہا کہ ہم امت محمدی ﷺ اٹھ کھڑے ہوں اور سب اپنے فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دیں۔
آخر میں ریلی کے شرکاء نے غاصب اسرائیل اور امریکہ کا پرچم نذر آتش کیا اور ریلی کا اختتام ہوا۔