حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر کراچی میں تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے مرکزی آزادی القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہمیں فلسطینیوں کی تکلیف کو اپنی زندگی میں شامل کرنا چاہیئے، اب تک غزہ میں بتیس ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، غزہ میں اٹھارہ بچے بھوک سے مر گئے ہیں مگر بدبختی دیکھئے کہ اسرائیل کی فوج جو منرل واٹر کی بوتلیں استعمال کررہی ہے وہ ترکی فراہم کررہا ہے، جو تیل اور گیس اور دیگر خوراک کی اشیاء اسرائیل استعمال کررہا ہے وہ سعودی عرب اور اردن سے جارہی ہیں، وہ مصر کو غزہ کیلئے تو راستے نہیں کھولتا مگر امریکا کے کہنے پر اسرائیل کیلئے کھولتا ہے۔ یہ سارے خیانت کار فلسطینیوں کی نسل کشی میں برابر کے شریک ہیں، یمن کے بھائی سید عبدالملک الحوثی اور ان کے مجاہدین بحیرہ احمر، خلیج عدن اور بحر ہند کے اندر امریکا، اسرائیل اور برطانیہ کے بحری جہازوں کو روک رہے ہیں، یمنیوں نے اسرائیل کی 80 فیصد تجارت کو برباد کردیا ہے مگر اسرائیل کی تجارت کو بچانے کیلئے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن اور مصر زمینی راستہ بنا رہے ہیں تاکہ اسرائیل کی ڈوپتی تجارت کو سہارا دیا جاسکے، یہ وہ بدبخت ہیں جو مسلم امہ کے اتحاد کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ یوم القدس ایسی عظیم تحریک ہے جس نے سامراج سے مقابلے کی حوالے سے گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ پورے عالم میں مسلمان اس دن فلسطین و بیت المقدس کی حمایت و آزادی کے لیے احتجاج کرتے ہیں جس نے دشمنوں اور ستمگاروں کو رسوا کرنے کے ساتھ ساتھ صیہونی مظالم کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ہر با شعور و باضمیر انسان کی فکر کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا: اسرائیل نے غزہ کو مکمل تباہ و برباد کردیا لیکن فلسطینی عوام کے حو صلوں کو نہیں توڑ سکا، امریکی اور اسرائیلی جانوروں کے حقوق کی بات کرتے ہیں لیکن خود جانور سے بھی بدتر ہیں۔
جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے دینی و ملی فریضے پر عمل کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خلاف آواز بلند کریں، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کریں، وہ دن دور نہیں جب بحکم خدا ظالمین کی رسی کھینچ لی جاے گی اور ان کے گرد گھیرا تنگ ہوجاے گا اور ان شاء اللہ امریکہ و اسرائیل کے ناپاک وجود سے سرزمین مقدس فلسطین آزاد ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا: ناجائز ریاست کو جائز ہونے کا حق کبھی حاصل نہیں ہوسکے گا، آج سے 45 سال قبل اسرائیل کے خلاف کوئی مؤثر قوت موجود نہیں تھی، امام خمینی نے اسرائیل کے خلاف یوم القدس منانے کا اعلان کیا،اسرائیل غزہ سے اپنے قیدی رہا کرانا چاہتا تھا، چھ ماہ بعد بھی اسرائیل اپنے اہداف سے قریب ہونے کے بجائے دور ہو رہا ہے، امت میں بے غیرت حکمران موجود ہیں، یمن کے عوام اور حکمرانوں نے غیرت کا مظاہرہ کیا، صہیونیت کو مسترد کرنے کے لئے مشرق و مغرب آج سڑکوں پر ہیں، للکار امام خمینی سے صہیونیت کا بت ٹوٹ کررہے گا، ہم سب بہت جلد مسجد اقصیٰ میں نماز میں ادا کریں گے۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ طوفان الاقصیٰ کے اسرائیل کو ایک حملے میں کئی شکستیں دی ہیں، طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کی انٹیلی جنس، عسکری، سیاسی، معاشی سمیت کئی میدانوں میں شکست دی ہے، غزہ جنگ کے بعد یورپ کی منافقت مزید عیاں ہوگئی ہے، جمہوری اسلامی ایران سے لے کر یمن تک کے لوگ اسرائیل کے ساتھ حالت جنگ ہیں میں۔
قابل ذکر ہے کہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عادل عسکری، ہئیت آئمہ مساجد کے رہنما علامہ اصغر شہیدی، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ حسن ظفر نقوی، اہلسنت عالم دین مفتی فضل ہمدرد، محاراج کونسل کے رہنما محاراج وی جے کمار، سندھ بار ایسوسی ایشن کے رہنما عامر وڑائچ سمیت مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔
ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور جوانوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے آخر میں شرکاء ریلی نے امریکا و اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے۔