حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر محترم کامران رضا سومرو کی اپیل پر دادو میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان یونٹ دادو سٹی ضلع دادو 1 کی جانب سے بتاریخ 20 اکتوبر 2023 بروز جمعہ بعد نمازِ جمعہ زیرِ صدارت ڈویژنل صدر دادو اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان مشعیب احمد اصغری مرکزی امام بارگاہ حیدری دادو سے نیو پریس کلب دادو سٹی تک پُر امن فلسطین یکجہتی ریلی نکالی گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ ریلی قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور مسجد اقصیٰ کے بی حرمتی کو روکنے کیلئے،صہیونی یہودی اسرائیل کے ظلم و بربریت اور مسلسل 75 سال سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام اور فلسطین پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان یونٹ دادو سٹی ضلع دادو 1 کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں نکالی گئی تھی۔
ریلی میں لوگوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے درج کئے گئے تھے اور ان کے جھنڈوں کو بھی آگ لگائی گئی۔
اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے ڈویژنل صدر دادو مشعیب احمد اصغری نے ریلی سے خطاب کے دوران کہا: اسرائیل کے ظلم اور جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان مظالم پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلمان ملکوں کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔
مقررین کی جانب سے خطابات میں مسلمان ملکوں کے اسرائیل اور امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا تقاضا کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی روکنے کے لیے مسلم ممالک کو یکجا ہو کر اسرائیل کے ناپاک وجود کو ختم کرنا ہو گا۔
قابل ذکر ہے کہ احتجاجی ریلی میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے ڈویژنل صدر دادو مشعیب احمد اصغری، ضلع صدر دادو 1 وسیم رضا جعفری، یونٹ صدر دادو سٹی وزیر علی بھٹو اور تنظیمی عہدیداران اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔