۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزه/ مجلس وحدت مسلمین کے تحت پاکستان بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے تحت پاکستان بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔

تفصیلات کے مطابق، ریلی میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت علمائے کرام کی کثیر تعداد شریک تھی، ریلی کے شرکاء نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حمایت فلسطین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کو وہ مسلمان چاہئیں جو مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف پوری استقامت سے کھڑے ہوں، اس وقت فلسطینی مظلوموں پر اسرائیل کی شکل میں ابرہہ کا لشکر حملہ آور ہے، نوزائیدہ بچوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے، اگر امریکہ و برطانیہ اپنے بحری بیڑے اور رائل آرمی کے جہاز بھیج سکتے ہیں، تو امت مسلمہ اور ہمارا ملک کیوں آگے بڑھ کر فلسطینی عوام کا ساتھ نہیں دے سکتے، جب پورے کا پورا یورپ اسرائیلی سفاکیت کے دفاع میں جمع ہو گیا ہے تو ہمارے حکمران مجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کیئے ہوئے ہیں، یہ ڈرے ہوئے ہیں خوفزدہ ہیں، یہ الٹا فلسطینی عوام کی مرضی کے برخلاف دو ریاستی حل کا راگ الاپنے پر لگے ہیں، گریٹر اسرائیل کا منصوبہ ناکام ہوتے دیکھ کر اب نارملائزیشن کی شکست خوردہ خواہش کا اظہار کیا جا رہا ہے، تمام اہل اسلام کو چاہیئے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی مالی، سیاسی اور اخلاقی مدد کریں یہ ہم سب کا دینی اور شرعی فریضہ ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما سید ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ دنیا اس وقت دو بلاکوں میں تقسیمِ ہو چکی ہے، ہمارے ملک کو بھی واضح طور پر فلسطینی مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے، جو کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولی مؤقف بھی تھا، فلسطینی مزاحمت کی تحریک شجاعت کے ساتھ اسرائیلی درندگی کا مقابلہ کر رہی ہے، اسرائیل کا ناقابل تسخیر ہونے کا دعویٰ خاک میں مل چکا ہے، فتح حق کی ہو گی فلسطین کے نہتے عوام سرخرو ہوں گے، شکست اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کا مقدر ٹھہرے گی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے زاہد حسین نے کہا کہ آج ہم سب اسرائیل کی جنایت کے خلاف نکلے ہیں، عدالت خواہی کے جذبے سے سرشار تمام مسلمانوں کا اپنی حکومت سے مطالبہ ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کرے۔

فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کیلئے نکالی گئی ریلی سے صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد اسد اللہ چیمہ، مسعود حیدر ککو، محمد رضا و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، آخر میں اسرائیل و امریکہ کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .