حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حوزہ علمیہ کے سرپرست آیت اللہ علی رضا اعرافی نے حوزہ علمیہ کی رابطہ کونسل کے اجلاس میں غزہ کے مظلوم عوام پر صہیونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی اور ان جرائم پر مراجع تقلید، علماء کرام اور حوزاتِ علمیہ کے ردعمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں حوزاتِ علمیہ کے اداروں نے بہت اچھے اور مستحکم ردّعمل کا اظہار کیا اور عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے۔ ہم ان تمام احباب کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جنہوں نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے پروگرامز میں شرکت کی۔
حوزہ علمیہ کے سرپرست نے مزاحمتی محاذ کی کامیابی اور فتح کی دعا کرتے ہوئے مزید کہا: حوزاتِ علمیہ فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ مزاحمت اور فلسطین کی حاصل کردہ یہ عظیم اور تاریخی فتح ان کے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا: حوزاتِ علمیہ دنیا کے تمام مذاہب و مسالک کے رہنماؤں، دانشوروں، سیاست دانوں اور بین الاقوامی اداروں سے تحریک مزاحمت کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کی توقع رکھتے ہیں۔
آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا: اسلامی حکومتوں سے خاص طور پر توقع کی جاتی ہے کہ وہ ظالم اور غاصب صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کو ترک کر دیں۔
آیت اللہ اعرافی نے افغانستان کے شہر ہرات میں آنے والے تباہ کن زلزلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ہمیں افغانستان کے زلزلے کے متاثرین کے ساتھ بھی بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے کی واقعی ضرورت ہے کیونکہ افغانستان کے مظلوم عوام ہمیشہ سخت مشکلات سے دوچار رہے ہیں اور یہ زلزلہ ان کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بنا ہے۔ خداوند متعال ہم سب پر اپنا رحم و کرم فرمائے۔