حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تبصرہ اور مختلف رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دوران کہا: جس طرح نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کیا گیا دنیا میں ایسے ظلم کی نظیر نہیں ملتی، غزہ پٹی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ۔
انہوں نے کہا: رسوائے زمانہ شیاطین کی براہ راست شرکت اور فوجی دستے بھجوانے کے ساتھ شیطان اکبر اپنے آلہ کار کی پشت پناہی کیلئے خود آ رہا ہے۔40 ملکوں کی فوج، عرب لیگ اور او آئی سی بھی ہمت کریں۔ مسئلہ فلسطین پاکستان کے وجود سے منسلک معاملہ ہے۔ تمام پاکستانی جماعتیں، تنظیمیں، انجمنیں اور افراد مظلوموں کی حمایت کیلئے ایک اقدام پر متفق ہوں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: سامراج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، نہتے شہریوں کے قتل عام، غزہ کی آبادیوں کو تہس نہس کر کے کھنڈرات میں تبدیل کر دیا گیا ۔تازہ ترین رپورٹ یہ ہے کہ اپنے آلہ کار (صیہونی شیطان) کے ظلم و جبر کے باوجود فلسطینیوں کے بلند حوصلوں کی وجہ سے ناکامی کے باعث اب سامراج اپنی فوجیں نہ صرف داخل کر رہا ہے بلکہ شیاطین چیلوں کے بعد اب شیطان اکبر خود آ رہا ہے تو ایسی صورتحال میں 40 ملکوں کی فوج، عرب لیگ اور او آئی سی بھی ہمت کریں۔
انہوں نے مزید کہا: پاکستان کو بھی 1940ء کی قرارداد فلسطین کی طرح پھر متحد ہو کر ایک اقدام پر متفق ہونا چاہیے کیونکہ یہ مسئلہ صرف مظلوم فلسطینیوں کا نہیں خود پاکستان کے وجود سے منسلک معاملہ ہے جو ریاست پاکستان کا بالکل واضح اور دوٹوک موقف ہے۔ اب پاکستان کے پاس آخری موقع ہے کہ جب سامراج اندر سے ٹوٹ چکا ہے تو مناسب اقدام لازم ہے۔ اگر سامراج اپنے آلہ کار کی پشت پناہی کیلئے نہتے مظلوموں پر مزید ظلم کے پہاڑ توڑنے آ سکتا ہے تو 40 ملکوں کی افواج، عرب لیگ اور او آئی سی بھی ہمت کریں تمام پاکستانی جماعتیں، تنظیمیں، انجمنیں اور افراد مظلوموں کی حمایت کیلئے ایک اقدام پر اتفاق کریں۔