۱۸ آذر ۱۴۰۳ |۶ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 8, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ نے کہا: ایک پلاننگ کے تحت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کر کے غاصب ریاست کو مضبوط کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے عالمی سامراج کے سامنے سبھی بے بس ہوچکے، غزہ سمیت مشرق وسطیٰ میں انسانیت سسک رہی ہے لہٰذا اب انسانیت کو کھڑا ہونا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا: پلاننگ کے تحت فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے غاصب ریاست کو توسیع دینے کی سازشوں کو مظبوط بنایا گیا، مذمتی قراردادیں و بیانات اور مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کا دن منانا بھی خوش آئند البتہ عملی اقدامات کے بغیر مظلوموں کو حق ملنا ممکن نہیں۔

علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: اسرائیل فلسطین میں ظلم کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا: پاکستان کوعملی میدان میں مسئلہ فلسطین کیلئے اقدامات کو مزید تیز کرنا ہو گا۔

قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا: سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزر گیا ، سب کچھ بدل گیا، مگر آج بھی فلسطینی ہر قسم کے ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں۔فلسطینیوں نے جس طرح مقاومت، استقامت، صبر و حوصلے کے ساتھ صیہونیت اور اس کے غرور کو خاک میں ملایا وہ اپنی مثال آپ ہے جنہوں نے اسرائیلی مظالم اور سفاکوں کا اصل چہرہ دنیا کو دکھا دیا۔

انہوں نے کہا: ہم روز اول کی طرح آج بھی فلسطینی عوام کے عالمی، آئینی، بنیادی اور انسانی حقوق کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور سامراجی، صہیونی قبضے اور بہمیت کی شدید الفاظ میں مذمت کیساتھ واضح کرتے ہیں کہ جب تک مسئلہ فلسطین فلسطینیوں کی اُمنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جائیگا، مشرق وسطیٰ اور اقوام عالم میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .