حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قومی اسمبلی پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کے رکن انجینئر حمید حسین نے پارا چنار معاملے پر کامیاب امن جرگہ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا اب بس کرو! امن کیلئے کوشش کرو، کب تک ایک دوسرے کا خون بہاتے رہیں گے اور معصوم شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوتی رہیں گی؟
پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایم ڈبلیو ایم کے رکن انجینئر حمید حسین نے کرم امن جرگہ کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور سمیت تمام ایم این ایز، ایم پی ایز و مشیران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اب علاقے میں مکمل جنگ بندی ہو جائے گی اور پچاس روز سے بند قومی شاہراہ کو محفوظ بناتے ہوئے کھول دیا جائے گا تاکہ محصور عوام کی آمدو رفت شروع ہو سکے اور علاقے میں پیدا ہونے والی مشکلات کا خاتمہ ہو، پارہ چنار اس وقت شدید غذائی اور ادویات کی کمی کا شکار ہے جس کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔