۱۸ آذر ۱۴۰۳ |۶ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 8, 2024
علامہ عارف واحدی

حوزہ/شیعہ علماء کونسل کے نائب سربراہ علامہ عارف واحدی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں شہدائے پارا چنار سمیت مزاحمتی محاذ کے عظیم شہداء کی یاد میں منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں کوئی ظالم، شیعہ قوم کو شکست دینے میں نہ کامیاب ہوا ہے اور نہ ہی آئندہ کامیاب ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے دفتر کی جانب سے پارا چنار اور فلسطین و لبنان کے شہداء کی یاد میں ایک عظیم الشان مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، جس سے شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر علامہ عارف واحدی نے خطاب کیا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف واحدی نے کہا کہ شیعہ قوم نے ہر زمانے میں قربانی دی ہے۔ شہیدوں کی قربانیوں سے بڑے سے بڑا ظالم بھی شیعہ کو شکست نہیں دے سکا ہے۔ ہم قرآن اور اہل بیت علیہم السّلام سے متمسک رہتے ہیں، اسی لئے کامیابی ہمارے مقدر میں ہے اور شکست ہمارے دشمنوں کی سرنوشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بنی امیہ اور بنی عباس سے لے کر آج تک امریکہ اور اسرائیل جیسی طاقتوں نے تشیع کو ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن سب ناکام ہوئے، پارا چنار میں بھی دشمن اپنے مذموم اہداف میں ناکام ہوں گے۔

علامہ واحدی نے کہا کہ ہم نے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے اہل سنت سے رابطہ کیا ہے۔ عنقریب بزرگ اہل سنت علماء کے ہمراہ ملی یکجہتی کونسل کا وفد پارا چنار جائے گا اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لبنان اور فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت پوری طاقت استعمال کرنے کے باوجود بھی غزہ میں مقاومت کو ختم نہ کرسکی اور لبنان میں بھی صہیونی حکومت کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ایران نے وعدہ صادق 2 آپریشن میں اسرائیل کی کمر توڑ دی۔ پاکستانی دفاعی مبصرین ایران کے میزائل حملوں کو بہت کامیاب قرار دیتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں اسرائیل، جوابی کاروائی کے لئے امریکہ کے سامنے منتیں کرتا رہا اور محدود پیمانے پر حملہ کیا جو کہ اس کی کامیابی نہیں، بلکہ ناکامی ہے، جس سے اس کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .