حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرزمین پارہ چنار پر سکیورٹی اداروں کے حصار میں جانے والے مسافروں کے کانوائے پر تکفیری دہشت گردوں کے حملے اور درجنوں مسافروں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملیر یونٹ کی جانب سے آج نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد و امام بارگاہ دربار حسینی حسین آباد ملیر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر سیّد احسن عبّاس رضوی اور رہنما شیعہ علماء کونسل مولانا مظہر حسین زیدی نے خطاب کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے رہنماؤں سید عارف رضا، ممتاز مہدی، قیصر عباس زیدی، رضا حیدر زیدی، کاظم نقوی، عمران نقوی، ناظم عابدی، ایس یو سی کے رہنما آفتاب مرزا، انجمنِ امامیہ ملیر کے جنرل سیکریٹری یاسر حسین، انجمنِ گروہ حسینؑ کے جنرل سیکریٹری اظہار حسین سمیت سینکڑوں مؤمنین نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم اور سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے تھے، جبکہ بینر اور پلے کارڈز پر نااہل حکمرانوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
مقررین نے ریاست سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری آپریشن اور نااہل حکومت سے استعفٰی کا مطالبہ بھی کیا۔
آخر میں اصل دشمنانِ اسلام و مکتب تشیع عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کر دئیے۔