حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل دادو و اصغریہ علم و عمل کی جانب سے ضلع کرم پارا چنار میں مسافر گاڑیوں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے دلخراش واقعے میں بچوں، خواتین، بزرگوں اور جوانوں کی المناک شہادتوں کے خلاف، مرکزی امام بارگاہ حیدی سے پریس کلب دادو تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان تحصیل دادو کے صدر الطاف حسین سخیرانی، اصغریہ علم و عمل کے مرکزی جنرل سیکرٹری قمر عباس اور مشتاق حسینی نے کی۔
پرامن احتجاجی ریلی مختلف روٹ سے گذرتی پریس کلب دادو پر پہنچی جہاں پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں ہونے والے دلخراش واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان اور ریاست پارا چنار میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہیں، ہم عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور ریاست پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پارا چنار کرم ایجنسی میں امن قائم کیا جائے اور اس سانحہ میں جو تکفیری دہشتگرد ملوث ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔