۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
آية الله العظمى السيستاني

حوزہ/ پاکستان کے شہر پاراچنار میں دہشت گردوں کی جانب سے معصوم مسافروں پر ہونے والے حملے کی نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے دفتر نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے شہر پاراچنار میں دہشت گردوں کی جانب سے معصوم مسافروں پر ہونے والے حملے کی نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے دفتر نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں کئی بے گناہ مؤمنین شہید اور زخمی ہوئے، جس پر مرجع تقلید نے پاکستانی حکومت سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کی تاکید کی ہے۔

بیانیہ کا مکمل متن اس طرح ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

إنا لله وإنا الیه راجعون

مومنینِ کرام، اہلِ پاراچنار (پاکستان)

السلام علیکم و رحمۃ الله وبرکاتہ

ایک بار پھر سنگدل دہشت گردوں نے ایک خوفناک جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے، پاراچنار سے پشاور جانے والے معصوم مسافروں پر مسلح حملہ کر کے کئی بے گناہ مؤمنین کو شہید اور زخمی کر دیا۔

ہم اس المناک سانحے پر دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب ہو، اور شہداء کو بلند درجات سے نوازے۔

حوزہ علمیہ نجف اشرف اور مرجعیت شیعہ اس ہولناک واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جو امت مسلمہ کے اتحاد کو نشانہ بنانے کی سازش ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان بے سہارا عوام کو دہشت گرد گروہوں کے مظالم اور جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ ضروری ہے کہ ایسے پیشگی اقدامات کیے جائیں جن سے بے گناہ مؤمنین ان سنگدل اور شدت پسند گروہوں کی پُرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بننے سے بچ سکیں۔

ہم خداوند متعال سے دعا گو ہیں کہ پاکستان کے معزز اور شریف عوام کو ہمیشہ عزت اور سربلندی عطا فرمائے۔

20 جمادی الاول 1446ھ

22 نومبر 2024ء

دفتر آیت اللہ العظمی سیستانی – نجف اشرف

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .