ہفتہ 7 فروری 2026 - 11:57
اسلام آباد مسجد میں دہشت گردانہ حملہ؛ آیۃ اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کا مذمتی بیان

حوزہ/ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مسجد پر ہونے والے گناہ آلود مجرمانہ حملے کے حوالے سے مرکزی ‏دفتر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نجف اشرف نے مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مسجد پر ہونے والے گناہ آلود مجرمانہ حملے کے حوالے سے مرکزی ‏دفتر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ الوارف نجف اشرف نے بیان جاری کیا ہے جسکا متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

اِنّا للہِ وَاِنّا اِلَیہِ راجِعون

ایک بار پھر غدار اور گناہ آلود ہاتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع مسجدِ خدیجہ ‏الکبریٰ ؑمیں نمازیوں تک جا پہنچا، جس کے نتیجے میں اس ہولناک واقعے میں متعدد افراد شہید ہوئے اور درجنوں ‏زخمی ہو گئے۔

ہم اس مصیبت کے موقع پر ان بے گناہ جانوں کو اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کرتے ہوئےکہتے ہیں کہ: متعلقہ ‏اداروں پر لازم ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور انجام دینے والوں، اشتعال انگیزی کرنے والوں اور مالی ‏معاونت فراہم کرنے والوں کا احتساب کریں۔

اور ہم امتِ مسلمہ سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس فعل کے جرم کو واضح کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور ‏نوجوانوں کو فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیچھے بہکنے سے خبردار اور آگاہ کرے‎—‎وہ راستہ جو دہائیوں تک آزمایا جا ‏چکا ہے اور جس کا نتیجہ اسلام کے مخلص پیروکاروں کے لیے موت اور درد کے سوا کچھ نہیں نکلا۔

اور ہم شہداء کے اہلِ خانہ، زخمیوں اور ان کے معزز خاندانوں کی خدمت میں پُرخلوص اور گہری ہمدردی و ‏تعزیت پیش کرتے ہیں، اور خدائے بلند و برتر سے دعا کرتے ہیں کہ وہ انہیں صبر اور تسلّی عطا فرمائے اور ‏زخمیوں کو جلد شفائے کامل نصیب کرے۔

اور وہ خوب جان لیں کہ جو ان میں سے دنیا سے رخصت ہوئے ہیں وہ اللہ کی رضا اور خوشنودی میں ہیں، اور جس نے اس جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ جہنم میں ہے، اور وہ بدترین ٹھکانا ہے۔

ولا حول ولا قوّة إلا بالله العليّ العظيم

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha