۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ رمضان توقیر

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے، آج اگر بے گناہ شیعہ شہید ہوئے ہیں تو کل اہلسنت اپنی باری کا انتظار کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے۔ آج اگر بے گناہ شیعہ شہید ہوئے ہیں تو کل اہلسنت اپنی باری کا انتظار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے علاقہ بھٹیسر میں تین اہل تشیع شہداء کی قل خوانی میں شریک شیعہ سنی افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے نے قل خوانی کے موقع پر شہداء کے لواحقین اور اہل علاقہ کو اس دلخراش سانحہ پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں اور شہید کے خون کا ایک قطرہ زمین پر گرنے سے پہلے اس کے سارے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ ان مقتولین کا کوئی جرم نہیں تھا، ان کو محبت اہلبیت (ع) کے جرم میں شہید کیا گیا ہے۔

بھٹیسر میں شہید کئے گئے تین اہل تشیع مختیار حسین، امداد حسین اور سجاد حسین کی قل خوانی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جس میں اہلسنت کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔ قل خوانی میں شیعہ علماء کونسل، ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او سمیت مختلف جماعتوں اور مقامی انجمنوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یاعلی (ع) یاحسین (ع) کہنا دہشت گردوں کی نظر میں جرم ہے تو یہ جرم ہر شیعہ بلکہ اہلبیت (ع) سے محبت کرنے والا ہر مسلمان کرتا رہے گا۔ انہوں نے اہل علاقہ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں، آج شیعہ بے گناہ شہید ہوئے ہیں تو اہلسنت اپنی باری کا انتظار کریں۔

پہلی امتیں بھی عذاب میں غرق ہوتی رہیں۔ ان پر عذاب الہیٰ اس لئے نازل ہوتا تھا کہ وہ ظلم، جبر اور ناانصافی پر خاموش رہتے تھے۔ تحصیل پروا ایک پرامن علاقہ تھا۔ نہریں، شوگر ملز اور اللہ تعالیٰ نے اس علاقہ کی ترقی و خوشحالی کے دیگر اسباب پیدا کئے، لیکن آپ لوگوں کی خاموشی کی وجہ سے علاقہ میں بدامنی، چوری چکاری، قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے، جو خدا تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا کفران نعمت ہے۔ خدارا مل جل کر اپنے علاقہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی کو کنٹرول کریں اور دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ناکام بنانے کیلئے تعاون کریں۔ اس سلسلہ میں تعاون کرنے والوں کو قوم سے چندہ کرکے انعام اور اس کا نام بھی صیغہ راز میں رہے گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان بے گناہ شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .