۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
"حسین سب کا" سیمینار

حوزہ / ڈیرہ اسماعیل خان مفتی محمود میموریل آڈیٹوریم پریس کلب ڈیرہ میں حسب سابق امسال بھی محرم الحرام سے پہلے شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے زیراہتمام "حسین سب کا" کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی صدارت میں منعقدہ سیمینار "حسین سب کا" کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامرآفاق اورسٹی میئر ڈیرہ عمر آمین خان گنڈہ پور تھے۔

رپورٹ کے مطابق سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور پاکستان کا قومی ترانہ پیش کرنے کے بعد باقاعدہ تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا۔

تصویری جھلکیاں: شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کے زیراہتمام "حسین سب کا" سیمینار کا انعقاد

کمشنر ڈیرہ عارف آفاق،سٹی میئرعمر آمین خان گنڈہ پور،علامہ محمد رمضان توقیر،عبدالحلیم خان قصور یہ،مولانا قاری سراج احمد خلیل،زاہد محب ایڈوکیٹ،مولانا صاحبزادہ عابد فاروقی،سابق ضلعی صدرمولانا کاظم حسین مطہری،ندیم عباس ایڈوکیٹ،عابد حسین شاہ ایڈوکیٹ و دیگر قابل ذکر شخصیات نے خطابات کئے۔

مہمان خصوصی عارف آفاق کمشنر ڈیرہ ڈویژن نے کہا: یہ خوشی کی بات ہے کہ ڈیرہ میں تمام مکاتب فکر یکجا و یکجہت ہیں۔ انتظامیہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مستعد و تیار ہے۔امام حسین کی شہادت تاقیامت یاد رکھی جائے گی۔وہ بنی نوع انسان کے محسن ہیں

میئر تحصیل ڈیرہ عمر آمین گنڈاپور نے کہا: جنت کا حصول بڑا آسان ہے۔اگر ہم خلق خدا کی خدمت کریں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرما یا کہ حسنین کریمین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں۔امام حسین کی شہادت و قربانی کی مثال تاریخ عالم میں نہیں ملتی۔دہشت گردوں نے دونوں اطراف کے لوگوں کو قتل کیا۔اپنی نسلوں کی فکر کیجیے۔ہماری کوشش ہو گی کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا: محرم الحرام،فلسفہ شہادت،نواسہ رسول کے قیام کےمقاصد پر خطاب کرتے ہوئے کہا: امام حسین کی شہادت کا مقصد ہی امن، پیار اوراتحاد ووحدت کا درس ہے۔امام حسین محسن انسانیت ہیں۔اور فرقہ و مذہب کی تفریق سے بالا تر ہیں۔ ہر مسلک و مذ ہب امام حسین کی بے مثال قربانی کا قائل ہے۔ہر مسلک و مذہب اپنی روایات کے مطابق نواسہ رسول کی یاد مناتے ہیں۔نواسہ رسول کا قیام قتل وغارت،فسق و فجور اور دہشت گردی کے خلاف تھا۔کیونکہ نواسہ رسول نہیں چاہتے تھے کہ اللہ کی زمین انسانیت کے خون رنگین ہو۔

قاری خلیل احمد سراج نے کہا: امام حسین کی ولادت با سعادت کی نوید سنا دی گئی تھی۔تاہم پیدائش پر ان کی مظلومانہ شہادت سے بھی رسول اللہ نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ مطلع فرما دیا تھا۔انہوں نے کہا: حسنین کریمین نے امن و اخوت اور اتحاد و اتفاق کا درس دیا۔حکومت ملوث تیسری قوت پر بھی نظر رکھے۔

زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ نے کہا: ہمارے لیے رسول اللہ،اہل بیت اور اصحاب رسول کی سیرت و کردار اختیار کرنا بھی ناگزیر ہے۔نادیدہ و درپردہ قوتیں ہمیں امت نہیں بنتے دیتیں۔فرقوں میں منقسم کر کے مسلمانوں کو لڑایا جا رہا ہے۔امام حسین نے درس دیا کہ ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور صالحین کو قیادت و سیادت سونپ دیں۔

علامہ حسن توحیدی نے کہا: مسیحی کالم نگار جارج نے کہا: حسین پوری انسانیت کا محسن ہے۔جس میں انسانیت ہے وہ حسین کا ممنون ہے اور جس میں حیوانیت ہے وہ حسین کا مخالف ہے۔ہم مسالک پس پشت ڈال کر پہلے مسلمان بن جائیں تو کوئی تقسیم نہیں۔

راجہ شوکت علی نے کہا: انتظامی حکام اور علاقے کے معتبرین کے مشترکہ اجلاسوں میں ہونے والے عوامی سماجی فیصلوں سے عوام کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔اکابرین کو پابند کیا جائے کہ وہ عام شہریوں کو آگاہی دی جائے۔روایتی اجلاسوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

صاحب ذادہ عابد فاروقی نے کہا: رسول اللہ نے فرمایا کہ جس نے حسین سے محبت کی اس نے مجھ سے اور اللہ سے محبت کی۔جس نے حسین سے بغض رکھا اس نے مجھ سے اور اللہ سے بغض رکھا۔

مقررین نے اپیل کرتے ہوئے کہا: تمام مسالک کے علماکرام ومعززین اور عوام ایام محرم الحرام میں بھائی چارے،امن ومحبت اتحادووحدت اور قیام امن کے اپنا اپنا کردارادا کریں۔ ملک بھر کی ڈیرہ اسماعیل خان ایام محرم الحرام کو پرامن اور بھرپور طریقے سے اتحاد و اخوت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عقیدت و احترام سے منائیں۔

سیمینار کے اختتام پر محرم الحرام میں قیام امن،ملک پاکستان کے استحکام و ترقی کےلئے دعا کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .