حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈیرہ اسمعیل خان کی تحصیل پروا شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر شہید عامر عباس کے ورثاء و مظاہرین کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کے لئے مطالبات کی منظوری تک جاری دھرنا میں پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا: عامر عباس کے قتل،شیعہ نسل کشی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا: ڈیرہ میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی سے ڈیرہ کے شہریوں میں دوبارہ خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے قیام امن کے دعوے محض زبانی جمع خرچ کے دعوے تھے۔انتظامیہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ملت تشیع ایک پر امن قوم ہے۔دو دنوں سے پر امن احتجاج کر رہی ہے۔پر امن رہنے کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دو دنوں سے بیٹھے دھرنے میں عامر عباس بلوچ کے ورثاء و مظاہرین کے مطالبات کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ ان کے مطالبات امن و امان، دہشت گردی پر کنٹرول اور دہشت گردوں کی گرفتاری اور سزائیں ہے۔ انتظامیہ سنجیدگی سے ورثا کے مطالبات کو سنے اور حل کرنے کے اقدامات کرے تاکہ شہید کی تدفین کی جائے۔