حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سانحہ بھٹیسر؛تین شہداکے دہشت گردوں کی عدم گرفتاری، پروا میں بدامنی، حکومتی نااہلی اور اس واقعہ کے دن خانوادہ شہدا سے کئے گئے معاہدہ پر چہلم تک عمل درآمد نہ ہونے پر تحصیل پروا بھٹیسر کے مقام پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرہ میں تحصیل سٹی آرگنائزرسید انصار علی زیدی بھی ہمراہ تھے۔
احتجاجی مظاہرہ میں خانوادۂ شہدا کے علاوہ عمائدین پروا اور پروا کی غیور عوام نے کثیر تعداد میں شریک ہو کر ڈیرہ، کراچی انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے احتجاجاً بند کر دیا اور پر امن احتجاج کےلئے دھرنا میں بیٹھ گئے۔ نوحہ خوانی اور ذکر امام حسین ہوتا رہا۔ نماز ظہرین علامہ محمد رمضان توقیر کی امامت میں با جماعت ادا کی گئی۔تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے تک روڈ بند رہا۔
علامہ محمد رمضان توقیرنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا: عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت کا اولین فریضہ ہے لیکن ڈیرہ انتظامیہ مؤثر اقدامات کرنے میں بری طرح نااہل اور ناکام ہے۔آج پچاس دن ہو گئے ہیں لیکن انتظامیہ شہدا بھٹیسر کو انصاف دینے اور مطئمن کرنے میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہا: اگر انتظامیہ علاقہ کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ ہے تو احتجاج کے خاتمے کیلئے فوری طور پر شہداء کے لواحقین کے مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ شہداء کے لواحقین کو حصول رزق کیلئے سرکاری ملازمت دی جائے، بھٹیسر موڑ اڈا پر پولیس چوکی قائم کی جائے، تحصیل بھر میں اہل تشیع مساجد و امام بارگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں، اپنی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلے اسلحہ کی اجازت اورا سلحہ لائسنس کا اجرا کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق احتجاج کے دوران نماز ظہرین کے وقت ڈیرہ انتظامیہ نے مذاکرات کےلئے رابطہ کیا۔ ڈیرہ انتظامیہ کی مذاکراتی کمیٹی میں ایڈیشنل ایس پی جاوید خان، اسسٹنٹ کمشنر پروا عزیز الرحمن ،ڈی ایس پی کاشف ستار، ڈی ایس پی اصغر علی شاہ شامل تھے۔
خانوادہ شہدا،عمائدین پروااورعلامہ محمد رمضان توقیر نے ڈیرہ انتظامیہ کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے مطالبات پیش کئے۔کمیٹی نےتمام مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور شیعہ عمائدین سے احتجاجی مظاہرہ پر امن طور پر ختم کرنے اور روڈ کھولنے کی درخواست کی۔شیعہ عمائدین کمیٹی نے مسافرین کی مشکلات،عوام کی پریشانی اور علاقہ کے امن کا احساس کرتے ہوئے پر امن طور پر دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
آخر میں مظاہرین سے علامہ محمد رمضان توقیر نے مختصر خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ خانوادہ شہدا اور عمائدین پروا کی موجودگی میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں عوام کو تفصیل سے آگاہ کیا اور انتظامیہ کی درخواست پر احتجاجی مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔
ایڈیشنل ایس پی جاوید خان، اسسٹنٹ کمشنر پروا عزیز الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ کے مطالبات سنے، مطالبات جائز ہیں۔بزرگان کو تمام مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور انشا اللہ آپ کے ان مطالبات کو پورا کریں گے۔انہوں نے مظاہرین سے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی اور شیعہ عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔