۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ محمد رمضان توقیر سے ملاقات

حوزہ / جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں شہداء بھٹیسر کے ورثا اور معززین پروا نے شہداء بھٹیسر کیس کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر سے ملاقات کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں شہداء بھٹیسر کے ورثاء اور معززین پروا نے شہداء بھٹیسر کیس کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سابقہ ضلعی صدر مولانا کاظم مطہری، تحصیل سٹی آرگنائزر سید انصار علی زیدی سمیت علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔

شہداء بھٹیسر کیس کے ورثاء کا تفتیشی عمل کی سُست روی پر تشویش کا اظہار

اس رپورٹ کے مطابق عرصہ دراز سے ڈیرہ اسماعیل خان کے مضافاتی علاقہ پروا میں اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور شہداء بھٹیسر کیس کے تفتیشی عمل کی سُست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہداء پروا کے ورثاء اور معززین نے کہا: عرصہ دراز سے جاری ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سےانتظامیہ نے جو یقین دہانیاں کرائی تھیں وہ ان میں ناکام نظر آئی اور تاحال ہمارے شہدا کے قاتلوں کے خلاف کوئی موثر کاروائی نہیں کی گئی بلکہ پروا میں جتنے بھی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوئے ہیں ان سب میں ڈیرہ کی انتظامیہ ناکام ہی نظرآئی اور ابھی تک کسی ایک سانحہ کے ملزمان کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔

شہداء کے ورثاء کا کہنا تھا کہ یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ شہداء بھٹیسر کا چہلم بھی گذر گیا ہے لیکن انتظامیہ شہداء کے ورثاء اور معززین پروا کو مطمئن نہ کر سکی۔

اس افسوسناک صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پروا میں ہونیوالی دہشت گردی اور شہداء پروا کے ناحق خون بہائے جانے کے خلاف اور ورثاء سے اظہار یکجہتی کے لیے 7 مارچ 2022ء بروز پیر کو علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں پروا میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جس میں ڈیرہ بھر سے اور بالخصوص پروا کی شیعہ و سنی عوام شرکت کرے گی اور اس جلسۂ عام کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی اور اگر ضرورت محسوس کی گئی تو یہ احتجاجی جلسہ عام دھرنے میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .