۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام اور اربعین کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار مثالی رہا

حوزہ / پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ علماء کونسل کی طرف سے محرم الحرام،اربعین شہدائے کربلا کے پر امن انعقاد کے حوالے سے یوم تشکر کے عنوان سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حسب سابق امسال بھی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر اور شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف سے محرم الحرام،اربعین شہدائے کربلا کے پر امن انعقاد کے حوالے سے یوم تشکر کے عنوان سے پروقار تقریب کے موقع پر ڈویژنل انتظامیہ، پولیس، امن کمیٹیوں، ڈی آر سی چیئرمین و ممبران، علماء کرام اور میڈیا کے افراد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

کمشنر ڈیرہ ظفر السلام خٹک نے اپنے خطاب کے دوران کہا: تمام مسالک کے اکابرین ، امن کمیٹی،میڈیااور شہریوں کے مثبت کردار کی بدولت ڈیرہ میں محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنا۔ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کے ماحول سے اندازہ ہواکہ اس علاقے کو کیوں "ڈیرہ پھلاں دا سہرا" کہا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا: ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار محرم الحرام کے دوران حساس ترین اضلاع میں ہوتا ہے ،میں نے یہاں امن کمیٹی کے ممبران کی محبت دیکھی تو یقین ہوگیا کہ اب یہ علاقہ امن کا گہوارہ ہے اور آئندہ بھی رہے گا ،پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اور مثالی کردار سے سکیورٹی کے انتظامات کو تشکیل دیا۔ انتظامیہ اور اکابرین شہر سے رابطے رکھے اور دیگر دیگر اداروں نے بھی اپنا پیشہ وارانہ کردار، محبت ، اتحاد ، بھائی چارے کے جذبہ سے سرشار ہوکر اپنا اپنا فریضہ ادا کیا۔ ربیع الاول کا مبارک مہینہ بھی آقائے ختم نبوت کی نسبت سے اپنی منفرد اہمیت رکھتا ہے اور اس مہینہ کو بھی تمام مکاتب فکر اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے۔

ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے بھی مہمان خصوصی کی حیثیت میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ ، سیکرٹری ڈی آر سی محمد نواز محسود، قاری خلیل احمد سراج ، سید فیاض حسین شاہ بخاری ، تحصیل چیئرمین پہاڑ پور مخدوم زادہ سید الطاف حسین شاہ ، مخدوم علی رضا شاہ ،تحصیل چیئرمین درابن احسان اللہ خان میانخیل ، صاحبزادہ عابد فاروقی، معروف قانون دان غلام محمد سپل ایڈوکیٹ، سید ظل حسنین شاہ ،سی ای او واسا سیدصداحسین شاہ عرف رومی شاہ و دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر علامہ رمضان توقیر نے آر پی او ڈیرہ ناصر محمود ستی اور کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک کو اسلامی کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر ہمیشہ امن کے خلاف متحرک رہتے ہیں اور امن دوست قوتیں ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پر امن ماحول کا قیام اللہ کا احسان ہے ،اس حوالہ سے پولیس فورس ، انتظامیہ ، سیکورٹی اداروں ،امن کمیٹیوں کے کردار کو اسکا کریڈٹ نہ دینا زیادتی ہوگی۔

انہو ں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر مثالی کردار ادا کیا۔ عوام اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا باہمی اعتماد اور تعاون ہی شہروں میں بدامنی کے خاتمہ اور فروغ امن میں کردار ادا کرتا ہے اور آج آپ لوگوں کے باہمی اتحاد سے ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار پاکستان کے پرامن علاقوں میں ہوتا ہے۔

ناصر محمود ستی نے مزید کہا: دہشت گردی کے ناسور کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا جہاد جاری ہے۔ عوام ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کو پنپنے کا موقع ہی نہ ملے۔

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ انتہائی مقدس مہینہ ہے جو اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہوں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر ڈیرہ کے شہری تمام مکاتب فکر کے اکابرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار مثالی ہے۔ ماضی میں یہ سرزمین دہشتگردی کا نشانہ بنی رہی۔ اس سرزمین میں آج امن کی فضا کا قیام قدرت کا احسان ہے ۔

انہوں نے کہا: تقریب میں شریک تمام اکابرین خصوصا میڈیا کے افراد نے فروغ امن کے حوالے سے عملی کردار ادا کیا۔ جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔اس موقع پرسابق تحصیل ناظم پروا سردار امتیاز بلوچ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی خصوصی دعا کی گئی ، تقریب میں محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات ادا کرنے پر کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام ، آر پی او ناصر محمود ستی و دیگر نے ٹی ایم اے اور واسا کے افسران و اہلکاروں کو خصوصی شیلڈ کا تحفہ پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .