حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مؤسسہ علومِ قرآن جماران سولجر بازار نمبر 3 کراچی میں مولانا مراد علی بلاغی کی ترتیب و تدوین کردہ علمی کتاب ’’جنابِ سیدہؑ اسرارِ الٰہیہ کا خزانہ‘‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کے مدیر مولانا سید عامر یاسر ہمدانی سمیت علماء، فضلاء اور طلابِ کرام نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کے بعد مختصر کلام پیش کیا گیا؛ بعد ازاں مقررین نے کتاب کے موضوع، علمی و تحقیقی اہمیت اور سیرتِ جنابِ سیدہؑ کے مختلف علمی و معرفتی پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔
مولانا افضل علی عسکری نے کتاب کے موضوعات، علمی و تحقیقی مباحث اور سیرتِ جنابِ سیدہؑ کے مطالعے میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس علمی کاوش کی تیاری کے مراحل میں پروف ریڈنگ کے حوالے سے اپنے تعاون کا بھی ذکر کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر مولانا نشان حیدر نے اپنے خطاب میں تحقیقی و تصنیفی سرگرمیوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علمی و تحقیقی کام کسی بھی معاشرے کی فکری و علمی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس نوعیت کی علمی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔
مسئولِ دفتر شیخ الیعقوبی، سولجر بازار کراچی، مولانا کریم بخش مطہری نے جنابِ سیدہؑ کی عظمت و فضیلت اور زیرِ رونمائی کتاب کی علمی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا مراد علی بلاغی کو اس اہم علمی کاوش کی کامیاب ترتیب و تدوین پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کے مدیر مولانا سید عامر یاسر ہمدانی نے اپنے اختتامی خطاب میں موجودہ دور میں اس نوعیت کی علمی و تحقیقی کتابوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کتابوں کو علمی مسابقات اور مقابلوں کے ذریعے متعارف کرانا چاہیے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان سے استفادہ کرسکیں اور مطالعے کا رجحان فروغ پائے۔

انہوں نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی جانب سے علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایک عالمی علمی مرکز کی حیثیت سے علم و تحقیق کے فروغ اور علمی خدمات کی حوصلہ افزائی کو اہمیت دیتا ہے۔
تقریب میں شریک علماء و فضلاء نے کتاب کی اشاعت اور تقریبِ رونمائی کو سراہتے ہوئے اسے سیرتِ جنابِ سیدہؑ کے علمی، روحانی اور معرفتی پہلوؤں سے روشناس کروانے کی ایک قابلِ قدر کوشش قرار دیا۔
آخر میں کتاب کے مرتب و مدون مولانا مراد علی بلاغی نے شریک علماء، فضلاء اور طلابِ کرام کا شکریہ ادا کیا اور ان کی شرکت و حوصلہ افزائی کو اپنے لیے باعثِ مسرت قرار دیا۔ بعد ازاں دعائے امامِ زمانہؑ کے ساتھ یہ علمی و ادبی نشست اختتام پذیر ہوئی۔










آپ کا تبصرہ