۱۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۷ شوال ۱۴۴۵ | May 6, 2024
علامہ محمد رمضان توقیر

حوزہ / کوٹلی امام حسین ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے نمازجمعہ کے اجتماع سے حالات حاضرہ پر خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کوٹلی امام حسین ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے نمازجمعہ کے اجتماع سے حالات حاضرہ پر خطاب کیا۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا: افواج پاکستان میں دو اہم عہدوں پر نئے تعینات ہونے والے افسران کو خوش آمدید کہتے ہیں اور افواج پاکستان کے بڑے عہدوں پر تعیناتی نیک شگون ہے جس سے وطن عزیز میں سیاسی و جمہوری استحکام پیدا ہوگا۔ امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی تمام تر پروفیشنل صلاحیتوں کو مملکت خداداد کے دفاع و مضبوطی کےلئے بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا: اللہ تعالی نئے تعینات ہونے والے افسران کو وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے لئے اس منصب کو بہتر طور پر استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: پاکستان کا سیاسی ماحول اس وقت دنیا میں مذاق بنا ہوا ہے۔کوئی بھی سیاسی جماعت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ قائداعظم اور ہمارے بزرگوں کا بامقصد پاکستان ابھی تک ہمیں نہیں ملا۔ اغیار سے آزادی کے بعد قابضین نے وطن عزیز کو مفلوج بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حکام پاکستان کی بہتری، ترقی اور خوشحالی نہیں سوچتے بلکہ اپنے سیاسی مقاصد اور ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔سیاسی انارکی کی وجہ سے ہر روز احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ پاکستانی عوام کو شدید مشکلات و مسائل درپیش ہیں۔ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے کاروبار تباہ اور مہنگائی کا طوفان عوام کےلئے ناقابل برداشت ہے۔ سیاسی حضرات اپنے کردار پر نظرثانی کریں اور عوام کے حال پر رحم کریں۔

قابلِ ذکر ہے کہ نماز جمعہ کے اجتماع پر قیام امن، ملک و ملت کی بہتری اور خوشحالی کےلئےدعا بھی کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .