حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی صوبہ جنوبی پنجاب کے چار روزہ تنظیمی دورے کے سلسلے میں رحیم یار خان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے جمال دین والی کی زینبیہ امام بارگاہ میں مومنین کرام سے خطاب کیا۔
تفصیلات کے مطابق، اس موقع پر صوبائی نائب صدر برادر اصغر تقی اور ضلعی صدر سید فضل حسین شاہ و دیگر موجود تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مومنین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین ہمیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت ہے جس کے خلاف رکاوٹیں ناقابل برداشت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج آئین پاکستان کی سنگین خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی ہے۔ عزاداروں کے خلاف درج مقدمات واپس لیتے ہوئے مقدمات بنانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
علامہ مقصود علی نے کہا کہ حقوق مانگنے سے نا ملیں تو چھیننے پڑتے ہیں۔ ہمارے اکابرین نے طویل جدوجہد اور قربانیاں دے کر جو حقوق حاصل کئے ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ ہم قائد شہید علامہ عارف الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و نظریات کے پیرو ہیں جنہوں نے پاکستان میں ملت جعفریہ کے حقوق اور اتحاد بین المسلمین کے لئے مؤثر جدوجہد کی اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کی۔