حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کی مرکزی جنرل کونسل کی سہ روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ مرکز تحقیقات و تبلیغات اسلامی جامشورو میں منعقد ہوئی۔ سہ روزہ ورکشاپ سے علامہ مقصود علی ڈومکی و دیگرعلمائے کرام و دانشوروں نے خطاب کیا۔
اس موقع پر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر غلام حسین جعفری، احمد علی کربلائی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سہ روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بیداری امت میں تشیع کا کردار قائدانہ ہے۔ ہمارے عصر کی عظیم شخصیات علامہ سید حسن نصر اللہ شہید باقر النمر شہید قاسم سلیمانی و دیگر شہداء کے پاکیزہ لہو نے امت مسلمہ کو خوابِ غفلت سے بیدار کیا اور ان شہداء اور شہدائے غزہ و فلسطین کا پاکیزہ لہو سوئی ہوئی امت اور انسانیت کی بیداری کا باعث بنا۔
انہوں نے کہا کہ آج حق و باطل کی اس جنگ میں ہمارے عظیم شہداء اور فکرِ امام خمینیؒ و رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ ہر مومن، چاہے نوجوان ہو یا بزرگ، پر لازم ہے کہ وہ رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ہر خطاب کو پوری دقت اور توجہ سے سنے تاکہ وہ اپنے رہبر کے افکار کی روشنی میں انقلابی و الٰہی راستے کا انتخاب کرے۔ شہداء کی حیاتِ مبارکہ کا مطالعہ ہمیں راہِ حق کا پتہ دیتا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پنجاب میں ماہِ محرم کے دوران وسیع پیمانے پر عزاداروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور اب پورے پنجاب میں اربعینِ شہدائے کربلا اور مشی کے خلاف بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ، ظلم و بربریت، ڈرانے اور دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کر رہی ہے، مساجد و امام بارگاہوں کی حرمت مجروح کر رہی ہے، عزاداروں کو خوفزدہ کر رہی ہے اور زبردستی ضمانتی مچلکے اور بانڈز لے رہی ہے۔ یہ سب غیر قانونی اور غیر آئینی عمل ہے۔
انہوں نے حکومت پنجاب کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر اس ظلم کو بند کرے۔ ذکرِ حسینؑ سنتِ پیغمبر ﷺ اور ہماری عظیم عبادت ہے، جسے نہ یزید روک سکا اور نہ اس کے پیروکار روک سکیں گے۔
علامہ ڈومکی نے پاکستان بھر کے نوجوانوں، بزرگوں اور عاشقان اہل بیتؑ سے اپیل کی کہ وہ ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں، سوشل میڈیا پر حق کی حمایت میں پیغامات اور ویڈیوز جاری کریں اور یہ پیغام دیں کہ ہم کسی صورت اربعین پر پابندی کے اس کالے قانون اور قدغن کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان ہمیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے اور ہم جہاں چاہیں، جب چاہیں پیدل چل سکتے ہیں۔ یہ ہمارا قانونی اور مذہبی حق ہے اور ہم اس سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر قدم پر عزاداروں کے ساتھ ہے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے ہر مومن کا ساتھ دے گی۔









آپ کا تبصرہ