جمعہ 19 ستمبر 2025 - 19:49
غزہ کا محاصرہ اور قحط کو ختم کروانے کے لیے چوالیس ممالک کے امدادی کارواں کی حمایت ناگزیر، علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما نے غزہ کے متعلق اقوامِ عالم، حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے قتلِ عام کو رکوائیں، غزہ کی ناکہ بندی اور قحط کو ختم کریں اور دنیا کے چوالیس ممالک کے امدادی کارواں کی غزہ کے لیے امداد پہنچانے کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کریں اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد بلوچستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں غزہ کے متعلق اقوامِ عالم، حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے قتلِ عام کو رکوائیں، غزہ کی ناکہ بندی اور قحط کو ختم کریں اور دنیا کے چوالیس ممالک کے امدادی کارواں کی غزہ کے لیے امداد پہنچانے کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کریں اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو آپس میں تعاون اور یکجہتی کو فروغ دینا چاہیے، تاکہ مشترکہ مسائل کا حل ممکن ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دفاعی و سیاسی اتحاد (اسلامی نیٹو) کی تشکیل پر غور ضروری ہے، مگر ایسی تنظیم تبھی بامقصد ہوگی جب وہ کسی بیرونی قوت خصوصاً امریکہ کے غلامانہ مفادات کی نگہبانی کے بجائے امتِ مسلمہ کے مفادات کی محافظ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے عرب ممالک خصوصاً متحدہ عرب امارات کو اسلام دشمن ممالک کے بجائے مسلمان ممالک خصوصاً پاکستان سے اپنے تعلقات کو بڑھانا چاہیے، کیونکہ غاصب اسرائیل سمیت اسلام دشمن قوتوں کا گٹھ جوڑ امت مسلمہ کے لیے خطرہ ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے دنیا کے موجودہ سیاسی منظرنامے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرب حکمران اپنے ہی عوام اور قوموں سے خوفزدہ ہیں، کیونکہ ان بادشاہوں نے ملکی وسائل کو ذاتی بنا کر یورپ میں سرمایہ گزاری کی ہے۔ یہ عوامی حقوق اور آزادیوں کو پامال کر رہے ہیں اور عوامی بیداری، انقلاب یا آزادانہ انتخابات سے خوفزدہ عرب حکمران امریکی اور اسرائیلی غلامی پر راضی ہیں اور یہ عرب بادشاہ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف عملی قدم اٹھانے سے قاصر ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha