حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ کے موقع پر باب الحوائج ٹرسٹ کی جانب سے اے ڈی سی کالونی جیکب آباد بلوچستان سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، عزاداری ونگ کے صوبائی نائب صدر سید غلام شبیر نقوی اور اہل سنت کے پیر طریقت انجینئر عید محمد ڈومکی نے کی۔
عید میلاد النبی ریلی میں شیعہ سنی برادران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ سے اپنی عقیدت و محبت کا والہانہ اظہار کیا۔
اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضور سید الانبیاء صلی اللّٰہ علیہ وآلہ عالمین کے لیے رحمت بن کر آئے۔ آپ کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہم حقیقی مسلمان بن سکتے ہیں۔ آپ کی سیرت طیبہ میں ہمیں عفو و درگذر صبر و برداشت علم اور حلم سخاوت و شجاعت جیسی اعلی انسانی اقدار کا درس ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ کی تعلیمات پر متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں خصوصاً صیہونی ریاست اسرائیل اور امریکہ کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرے۔ مسلم امہ کی بقا اور سربلندی اتحاد و یکجہتی میں ہے، اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کی ہر ممکن حمایت کریں۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمہ اللہ علیہ نے عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ کے ایام میں امت مسلمہ کو متحد اور متفق ہونے کا پیغام دیا، کیونکہ حضور سرور کائنات کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ کی اس ریلی میں شیعہ سنی برادران کی ایک ساتھ شرکت اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ کی سیرت اور تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر فرقہ واریت کو مسترد کرتے ہیں اور امتِ واحدہ کے قیام کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر اہل سنت رہنما پیر طریقت انجینئر عید محمد ڈومکی نے کہا کہ شیعہ سنی مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ سنی شیعہ امت مسلمہ کے دو بازو ہیں۔
انہوں نے حضور ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد، وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی فتح و نصرت کے لیے دعا کی۔









آپ کا تبصرہ