حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہفتہ وحدت کی آمد پر تبریک پیش کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارک تمام اعلیٰ و ارفع اوصاف و کمالات کا مجموعہ اور ان کی سیرت طیبہ اُمت محمدی بلکہ پوری انسانیت کیلئے نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا: میلاد خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ان کی تعلیمات کو بھی مدنظر رکھا جائے اور ہر شعبہ زندگی میں بدترین بگاڑ کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کی روشنی میں ہی درست کیا جائے۔
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا: حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اور ان کا سیرت و کردار ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ پیغمبر ان کی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ، سسٹم میں موجود خامیوں اور نظام کو درست کرتے ہوئے اسے فلاحی مملکت بنائیں۔
انہوں نے کہا: جب ہمارا پختہ یقین ہے کہ ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن اور ایک کعبہ پر ایمان ہے تو فروعی نوعیت کے اختلافا ت میں علمی سطح، مہذب انداز اور شائستگی کی عادت ڈالنی چاہیے۔
قائد ملت جعفریہ نے کہا: ہمارے مراجع کرام اور آیات عظام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین ممنوع ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ملت مسلمہ وحدت کا عملی مظاہرہ کر کے واضح کرے کہ وہ اُمت واحدہ ہے۔









آپ کا تبصرہ