حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام ایوانِ اقبال لاہور میں 42ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس عظیم الشان انعقاد پذیر ہوئی جس میں دنیا بھر سے علمائے کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوانان اور ہزاروں عاشقانِ رسول (ص) نے شرکت کی۔ یہ تاریخی اجتماع عقیدت و محبت مصطفیٰ (ص) اور پیغامِ سیرت کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے ایک منفرد سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
بانی و سرپرستِ اعلیٰ منہاج القرآن، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے ایمان افروز خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم (ص) کو سراجِ منیر قرار دیا ہے۔ آپ (ص) کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے منارۂ نور ہے۔ حضور (ص) سب سے اعلیٰ اخلاق کے مالک، سب سے زیادہ شفیق، نرم دل، شکر گزار، کریم اور معاف کرنے والے تھے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ نبی اکرم (ص) کے دو میلاد ہیں: میلادِ جسمانی 12 ربیع الاول کو ولادت کی صورت میں ظاہر ہوا اور جس سے آپ (ص) کے جمال کا ظہور ہوا۔ اور میلادِ روحانی بعثتِ نبوی کی صورت میں ظاہر ہوا اور جس سے آپ (ص) کے کمال کا نور پوری انسانیت پر پھیل گیا۔
شیخ الاسلام نے کہا کہ برصغیر میں میلاد اور سیرت کے مضامین کو الگ الگ کر کے اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، مگر منہاج القرآن نے دونوں کو یکجا کر دیا۔ آج کے اس عظیم اجتماع نے ثابت کر دیا کہ اہلِ میلاد اور اہلِ سیرت ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہو کر آقا (ص) کی محبت اور پیغام کو دنیا میں عام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء اپنی اپنی امتوں کے لیے مبعوث ہوئے، مگر حضور (ص) تمام جہانوں کے لیے رحمت اور سب انبیاء کے بھی نبی ہیں۔ کائنات میں نہ کوئی صورت، صورتِ محمدی جیسی ہے اور نہ کوئی سیرت، سیرتِ محمدی جیسی۔
کانفرنس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔
اس موقع پر ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، فضیلۃ الشیخ الدکتور احمد بدرہ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سربراہ جمعیت علمائے اسلام (س) مولانا عبدالحق ثانی، چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی علامہ سید عبدالخبیر آزاد اور صدر اتحاد المدارس العربیہ مفتی زبیر فہیم نے بھی خطاب کیا۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوانوں نے عقیدت بھری آوازوں میں بارگاہِ رسالت مآب (ص) میں ہدیہ نعت پیش کیا جبکہ معروف قراء حضرات نے قرآنِ مجید کی تلاوت سے محفل کو نورانی فضاؤں سے معمور کر دیا۔ تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ کے بچوں نے نشید پیش کر کے حاضرین کو اشکبار کر دیا۔
آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شاندار انتظامات پر سربراہ میلاد کمیٹی خرم نواز گنڈاپور، سیکرٹری میلاد کمیٹی محمد جواد حامد اور تمام انتظامی کمیٹیوں کے ممبران کو خصوصی مبارک باد دی اور ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔









آپ کا تبصرہ