جمعہ 12 دسمبر 2025 - 12:58
سیدہ کائناتؑ؛ امتِ مسلمہ کی خواتین کے لیے کامل اسوہ، محترمہ لبنیٰ مشتاق

حوزہ/تحریکِ منہاجُ القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام سیدہ کائناتؑ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے لاہور پاکستان میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی؛ جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراہؑ وہ خوش نصیب ہستی ہیں، جنہیں تاجدارِ کائنات کی والہانہ محبت نصیب ہوئی، سیدہ کائناتؑ علم و عمل اور پاسداری شریعت میں بھی منفرد مقام رکھتی تھیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت کی مناسبت سے منہاجُ القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام لاہور پاکستان میں ایک روح پرور تقریب کا اہتمام کیا گیا؛ جس میں حضور نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی لخت جگر سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی سیرت پاک، کردار اور عظیم اوصاف پر روشنی ڈالی گئی۔

خواتین مقررین نے قرآن و حدیث کی روشنی میں سیدہ کائناتؑ کی عظمت، ان کی عبادت گزاری، تقویٰ، حلم، ایثار کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کیا۔

منہاجُ القرآن ویمن لیگ کی ہیڈ کوآرڈنیشن کونسل لبنیٰ مشتاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ امتِ مسلمہ کی خواتین کیلئے کامل رول ماڈل ہیں۔ سیدہ کائناتؑ کی سیرت طیبہ، پاکیزہ کردار، اعلیٰ اخلاق ہر مسلمان عورت کیلئے کامل نمونہ عمل ہے۔ آپؑ نے نہ صرف گھریلو اور سماجی ذمہ داریوں میں بے مثال کردار پیش کیا بلکہ عبادت، تقویٰ، حلم، صبر اور اخلاق کے ہر پہلو میں اعلیٰ ترین عملی نمونہ فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ الزہراؑ کا کردار آج کی مسلمان خواتین کو یہ رہنمائی دیتا ہے کہ علم، وقار، سادگی، ایثار اور اصول پسندی کے ساتھ دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، حضرت فاطمۃ الزہراؑ کا علمِ حدیث، سیرتِ نبویؐ کے فروغ اور اہلِبیت اطہارؑ کی علمی و روحانی وراثت کی حفاظت میں اہم کردار تاریخ کا روشن باب ہے۔ آپؑ ان خوش نصیب ہستیوں میں شامل ہیں جنہیں تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خصوصی، بے مثال اور والہانہ محبت نصیب ہوئی، رسول کریمؐ نے فرمایا ’’فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے‘‘۔

ممبر کوآرڈنیشن کونسل عائشہ مبشر نے کہا کہ اللہ ربّ العزت نے سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کو سیدہ نساء العالمین کے تاج سے سرفراز کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپؑ کو جنتی خواتین کی سردار قرار دیا۔ آپؑ کی سیرت ہر دور کی خواتین اور خاندانوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلم خاندان حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے طرزِ حیات، تربیت کے اصول، سادگی، وقار اور اخلاق کو اپنالیں تو گھروں میں محبت، استحکام، باہمی احترام اور روحانی سکون کی فضائیں قائم ہو جائے گی۔

ممبر کوآرڈنیشن کونسل حافظہ سحر عنبرین نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہراہؓ کی سیرت کا پیغام آج کے دور میں مزید اہم ہے، کیونکہ معاشرہ مادیت، بے راہ روی اور اخلاقی زوال کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہراؑ کا اصل پیغام یہ ہے کہ انسان اپنے کردار سے حق و خیر کو فروغ دے، ظلم کے مقابلے میں صبر و استقامت اختیار کرے اور اخلاقِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے۔

تقریب میں محترمہ عائشہ مبشر، محترمہ اقرا مبین، محترمہ راضیہ غنی، محترمہ حنا فاطمہ، عائشہ بتول و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور شرکائے تقریب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اُمّتِ مسلمہ کو سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے گھروں، معاشرے اور نوجوان نسل میں ان کی تعلیمات کے فیوض عام فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha