بدھ 12 نومبر 2025 - 22:04
غزہ کے محاصرے نے امت کی بے حسی کا پردہ فاش کردیا: علامہ سید جواد نقوی

حوزہ/تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفٰی پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ وحدتِ اُمت کانفرنس بعنوانِ "غزہ کے میدان میں اُمت کا امتحان‘‘ فیصل آباد میں منعقد ہوئی؛ جس کی صدارت سربراہ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفٰی پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ وحدتِ اُمت کانفرنس بعنوانِ "غزہ کے میدان میں اُمت کا امتحان‘‘ فیصل آباد میں منعقد ہوئی؛ جس کی صدارت سربراہ تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کی؛ اس موقع پر مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، جید علمائے کرام، مشائخ، ماہرینِ تعلیم، وکلا، صحافیوں اور دیگر طبقات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، سجادہ نشین آستانہ عالیہ اویسیہ علی پور چٹھہ پیر غلام رسول اویسی، صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان محمد زبیر فہیم، ضلعی صدر علماء کونسل منہاج القرآن علامہ اختر حسین اسد، امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث فیصل آباد ڈویژن مولانا علامہ سکندر حیات ذکی، امیر جماعت اسلامی ضلع فیصل آباد محبوب الزمان بٹ، صوبائی جنرل سیکرٹری پنجاب جمعیت علمائے پاکستان(نورانی) مولانا منظور ساقی، مہتمم مرکز اہل حدیث فیصل آباد مفتی نصرالله عزیز و دیگر نے خطاب کیا۔

مرکزی خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ غزہ کی سرزمین آج انسانیت کے ایمان، غیرت اور ضمیر کا آئینہ بن چکی ہے، وہاں بہنے والا ہر قطرۂ خون امت کے سکوت پر سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے، انسانی حقوق کے دعویدار اور بیشتر مسلم حکمران، اس امتحان میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، جہاں صرف چند باحمیت اقوام نے صدائے حق بلند کی۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ دو ارب مسلمانوں کی موجودگی کے باوجود امت نے قرآن کے تقاضوں کے مطابق کردار ادا نہیں کیا۔ امت کے فکری و تعلیمی مراکز نے اگر قرآن کو اپنے نظام کا مرکز بنایا ہوتا تو آج امت ذلت و اضطراب کی اس انتہا تک نہ پہنچتی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے بچے، خواتین اور عوام اپنی استقامت سے ایمان کی زندہ تفسیر بن چکے ہیں۔

علامہ جواد نقوی نے حماس، حزب اللہ، یمن کے مجاہدین اور ایران کی قیادت کو عملی مزاحمت اور ایمانی غیرت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی وہ قوتیں ہیں جو اسلام کی حرارت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

علامہ جواد نقوی نے اسرائیل و امریکہ نواز پالیسیوں کو امت کے زوال کی جڑ قرار دیا اور کہا کہ جو حکمران اپنے عوام کے جذبات اور مظلوموں کے خون کا سودا کر کے اقتدار بچاتے ہیں، وہ دراصل امت کے ضمیر کے مجرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے اندر غیرت، ایمان اور بیداری کی صلاحیت موجود ہے، بس ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ ملت صالح قیادت اور قرآنی نظام کی روشنی میں متحد ہو کر مظلوموں کا ساتھ دے۔ اگر قوم نے اپنے اصل کی طرف رجوع کیا تو تاریخ کے دھارے کو بدلا جا سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha