منگل 11 نومبر 2025 - 22:12
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری: وفاقی دارالحکومت میں انتہائی اہم مقام پر دھماکہ؛ حکومتی سیکیورٹی ترجیحات پر سوالیہ نشان

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں انتہائی اہم مقام پر دھماکے نے حکومتی سیکیورٹی ترجیحات پر سوالیہ نشان اٹھا دئیے ہیں۔ وزیر داخلہ اگر اپنے ہی شہریوں پر ظلم کرنے سے کچھ فرصت مل جائے تو اسلام آباد کی طرف بھی نظر کر لیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد کچہری میں ہونے والے خودکش حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی شہادت پر ہر پاکستانی کا دل غمزدہ ہے اور میں اس بزدلانہ اور ظالمانہ عمل کی شدید مذمت کرتا ہوں؛ یہ سانحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں دہشتگردی کا خطرہ بدستور موجود ہے،جبکہ عوام کی جان و مال غیر محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے، اقتدار پر قابض مسلط شدہ رجیم اپنے اقتدار کے دوام کے لیے آئینِ پاکستان پر حملہ آور ہے اور عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، طاقت کے حصول کی یہ جنگ ملک کی بنیادوں کو ہلا رہی ہے، آج اس وطن میں صرف اشرافیہ محفوظ ہے، عوام کی جان، مال اور عزت کی کوئی پروا نہیں ہے۔

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha