اتوار 9 نومبر 2025 - 21:04
فرقہ واریت و تکفیر کی دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان میں کوئی جگہ نہیں

حوزہ / علامہ عارف حسین واحدی نے پاکستان کے شہر اٹک میں ڈپٹی کمشنر کی زیرِ اہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب میں اتحادِ امت، اخوت و محبت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر اور ڈویژنل، ڈسٹرکٹ پیس کمیٹی کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی نے ڈپٹی کمشنر اٹک کی جانب سے منعقدہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اسلام ﷺ کائنات کے ہر ذرے کے لیے رحمت ہیں۔

انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رحمت للعالمین بنا کر بھیجا۔ ہم ان کے امتی اور امتِ خاتم النبیینؐ ہیں، لہٰذا امتِ محمدیہ خاتم الامم ہے جو سب امتوں سے افضل اور اللہ کے نزدیک پسندیدہ امت ہے جسے قرآن نے امتِ واحدہ کہا ہے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: جب ہم "لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ" پڑھتے ہیں تو دراصل اپنے نبی کریمؐ سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مقصد و مشن پر قائم رہیں گے۔ ہم دنیا میں فتنہ و فساد نہیں پھیلائیں گے بلکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ پر عمل کرتے ہوئے رحمت، محبت، اخوت اور اتحاد کو عام کریں گے۔

فرقہ واریت و تکفیر کی دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان میں کوئی جگہ نہیں

انہوں نے کہا: جو عناصر فرقہ واریت، تکفیر اور انتشار پیدا کرتے ہیں وہ نہ صرف دینی لحاظ سے مجرم ہیں بلکہ آئینِ پاکستان کے تناظر میں بھی قابلِ گرفت ہیں۔ جو لوگ اتحادِ امت کے لیے کوشش کرتے ہیں وہ دراصل عبادتِ الٰہی بجا لاتے ہیں، ان کے ذریعے اسلام کو بلندی، امت کو وحدت اور پاکستان کو استحکام حاصل ہوتا ہے۔

علامہ عارف واحدی نے اٹک انتظامیہ کو اس کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ایسے پروگرام جن سے امتِ مسلمہ کے مختلف مکاتبِ فکر کے درمیان قربت اور ہم آہنگی پیدا ہو، ان کی مزید حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا: ہم نے ہمیشہ اتحاد و وحدت کے پرچم کو بلند رکھا ہے اور مختلف مکاتب کے جید علمائے کرام کے ساتھ مل کر محبت، اخوت اور امن کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، معروف علمائے کرام مولانا محمود الحسن توحیدی، قاری ابرار حسین قادری، مولانا صدیقی، جناب پیر سعادت علی شاہ، مولانا عبدالرحمان،جناب انیس احمد سمیت مختلف مسالک کے علماء نے بھی خطاب کیا اور سیرتِ النبی ﷺ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

فرقہ واریت و تکفیر کی دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان میں کوئی جگہ نہیں

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha