حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان، ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر،نیشنل رحمت للعالمین اتھارٹی اور نیشنل علما و مشائخ کونسل کے رکن علامہ عارف حسین واحدی نے افتتاحی تقریب اور فائنل مقابلے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کی ملاقات وفاقی وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف، مہمانِ خصوصی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ایرانی سفیر جناب رضا امیری مقدم اور دیگر مذہبی و سیاسی شخصیات سے ہوئی۔

علامہ عارف حسین واحدی نے وزیر مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف کے اس تاریخی اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: قرآن مجید قانونِ عبودیت، منشورِ حیات اور مکمل ضابطۂ زندگی ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ اس عظیم کتابِ ہدایت کی خوبصورت تلاوت پر مبنی عالمی مقابلوں کا انعقاد ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قرآنِ کریم کی برکت سے ملک میں مزید ترقی، استحکام اور رحمتوں کا نزول ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا: دنیا کے مختلف اسلامی ممالک سے ممتاز قرّاء کا پاکستان آنا قومی اعزاز ہے اور اس پروگرام کے ذریعہ امتِ مسلمہ کے لیے وحدت، ہم آہنگی اور باہمی اخوت کا پیغام پوری دنیا تک پہنچ رہا ہے۔

علامہ واحدی نے کہا: قرآن کریم امت کا مرکز و محور ہے، جس پر پوری امت کا اتفاق ہے۔ یہ وہ کتاب ہے جو انسان ساز اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ ہر قسم کی تحریف سے مبرا ہے اور اس کی عظمت میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اسی قرآن کو منشور بنا کر آگے بڑھنے سے امت میں حقیقی وحدت قائم ہو سکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ملک پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، اتحاد و وحدت کو فروغ دے اور پاکستان کو ترقی و امن کا گہوارہ بنائے۔ علامہ عارف واحدی نے میڈیا کے مختلف چینلز سے بھی گفتگو کی۔









آپ کا تبصرہ