۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے بھابڑہ واہ کینٹ میں منعقدہ جشن عید میلادالنبی (ص) کے عظیم الشان پروگرام میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے بھابڑہ، واہ کینٹ یونٹ کے صدر سید وسیم کاظمی کی دعوت پر جشن عید میلادالنبی کے عظیم الشان پروگرام میں شرکت کی۔ جس میں بہت بڑی تعداد میں شیعہ سنی علماء کرام، مشائخ عظام، شخصیات اور عوام کی شرکت تھی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کے فضائل، سیرت طیبہ، تعلیمات اور اہلبیت اطہار علیہم السلام کے فضائل بیان کیے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے موجودہ عالمی حالات خاص کر مسئلہ فلسطین پر روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور کہا: اتحاد بین المسلمین کے بانی علامہ سید ساجد علی نقوی نے تمام مسالک کے علمائے کرام کے ساتھ مل کر امت کے اتحاد اور ملک کی سالمیت کی وہ بنیاد رکھی جو دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اگرچہ ہمارے ملک میں بھی بعض شر پسند امت کو فرقہ واریت میں الجھا کر تقسیم کرنے کے درپے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ شیعہ سنی ان کی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور اپنی صفوں میں اتحاد اور وحدت کو قائم رکھیں۔ یہی قرآن کا حکم بھی ہے اور حضور کی سنت بھی۔

قابل ذکر ہے کہ علامہ صاحب کے خطاب کو شیعہ سنی عوام نے بہت پسند کیا اور مسلسل نبی نبی و علی علی کے نعرے گونجتے رہے۔ آخر میں انہوں نے بہت سے نعت خوانوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .