حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر مذہبی امور جناب سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منعقدہ ایک میٹنگ میں محرم الحرام میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد منانے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔جس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے شرکت کی اور اپنی گفتگو میں عزاداری کے حوالے سے مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران کہا: جو فرقہ پرست عناصر ملک میں انتشار و افتراق اور فرقہ واریت پھیلا کر امت کے اتحاد و وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ناپاک سازش کرتے ہیں ملک میں عدم استحکام پیدا کرتے ہیں حکومت ان پر نظر رکھے۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: ہماری قیادت نے ہمیشہ بین المسالک والمذاہب یکجہتی پیدا کرنے کے لئے جدوجہد کی ہے۔ محرم کا مہینہ کربلا والوں کی عظیم یاد کے لئے ہے اور تمام مسالک کے لوگ اپنے اپنے انداز میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یاد مناتے ہیں۔ حکومت کو چاہئےکہ ان پروگراموں کے لئے بھرپور انتظامات کرے، عزاداروں کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور شرپسندوں کی شرپسندی پر کڑی نظر رکھیں۔ تمام مسالک اور ان کے مقدسات کا احترام یقینی بنایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ میٹنگ میں تمام مسالک کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام بھی شریک تھے۔ آخر میں وزیر محترم نے متفقہ ضابطہ اخلاق بھی پڑھا۔ تمام علمائے اعلام اور مشائخ عظام نے امریکہ و اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کی بھی شدید مذمت کی اور ایران کی حمایت کا اعلان کیا۔










آپ کا تبصرہ