ہفتہ 20 دسمبر 2025 - 13:07
اورنگ آباد: مدرسہ محمدیہ میں ولادتِ حضرت فاطمہ زہراؑ کے موقع پر مدرز ڈے کی روح پرور تقریب

حوزہ/ اورنگ آباد میں واقع مدرسہ محمدیہ، مسجدِ معصومینؑ میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مدرز ڈے کے عنوان سے ایک بامقصد پروگرام منعقد ہوا، جس میں قصیدہ خوانی، اسناد و انعامات کی تقسیم اور تعلیمی و تربیتی خطاب کے ذریعے طالبات کی دینی و اخلاقی تربیت کو اجاگر کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اورنگ آباد میں واقع مدرسہ محمدیہ، مسجدِ معصومینؑ میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مدرز ڈے کے عنوان سے ایک بامقصد پروگرام منعقد ہوا، جس میں اساتذہ، طالبات اور منتظمین نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز مدرسہ کی طالبات کی جانب سے حضرت فاطمہ زہراؑ کی ولادت کی خوشی میں قصیدہ خوانی سے ہوا، جس نے محفل کو روحانی فضا سے معطر کر دیا۔

اس موقع پر مدرسہ کے ہنر آموزی (بیسک اسکلز ٹریننگ) کورس میں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ قرآنِ مجید مکمل کرنے والی طالبات کو بطورِ تحفہ قرآنِ کریم پیش کیے گئے۔

اس موقع پر مدرسہ کی ناظمہ محترمہ سارا رضا عابدی نے بتایا کہ اورنگ آباد میں قائم یہ مدرسہ فے سبیل اللہ کے تحت چلایا جا رہا ہے، جہاں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی انگلش، مراٹھی اور ریاضی کی تعلیم بھی دی جاتی ہے، تاکہ طالبات کو دینی و عصری دونوں میدانوں میں بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

تقریب کی صدارت معروف ماہرِ تعلیم محترمہ فاطمہ آدیہ عابدی نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر محترمہ انجم فاطمہ زیدی اور محترمہ زہرہ فاطمہ زیدی شریک ہوئیں۔

اس بابرکت پروگرام کو کامیاب بنانے میں محترمہ کوثر عابدی اور محترمہ کلثوم زہراؑ نقوی کی خصوصی کاوشیں قابلِ تحسین رہیں۔

مدرز ڈے کی اس روح پرور تقریب میں مدرسہ محمدیہ کی تمام طالبات شریک رہیں اور پورا ماحول عقیدت، جوش اور خوشی سے لبریز رہا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha