۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
عالم پور میں ’معارف حضرت فاطمہ زہراؑ‘ عنوان سے تعلیمی مظاہرے کا انعقاد

حوزہ/ مدرسہ جامعہ باب الحوائج کی زیرنگرانی اور مرکز فقہ وفقاہت، لکھنو کے زیراہتمام منعقد پروگرام میں کئی مدارس کے طلباء وطالبات انعامات سے سرفراز۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بارہ بنکی/ نبی اآخرالزماں کی مظلوم بیٹی شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا کے ایام شہادت کی مناسبت سے مرکزفقہ وفقاہت (لکھنو) کے زیراہتمام اورمدرسہ جامعہ باب الحوائج کے زیرنگرانی عالم پور(سیدواڑہ) میں ’معارف حضرت فاطمہ زہراؑ‘ کے عنوان سے ایک روزہ دینی کلاسیز کے طور پر تعلیمی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مدرسہ جامعہ باب الحوائج (عالم پور)، مکتب امامیہ علی بن موسی الرضا ( دیورہ سادات)اورمدرسہ فاطمة الزہراؑ (عالم پور) کے طلباء وطالبات نے اپنی صلاحیت اورہنر کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں علماء کرام نے علوم دینیہ کی اہمیت اور ضرورت کے حوالے سے پر مغز تقاریر کیں جبکہ طلباء نے نظمیں اور تعلیمی مظاہرے سے سینکڑوں کی تعداد میں موجود سامعین کو محظوظ کیا۔

مدرسہ جامعہ باب الحوائج کے بانی اورعالم پور کے امام جمعہ والجماعت مولانا سید محمد مجتبیٰ’میثم’ نے پروگرام کی تفصیل بتاتے کہا کہ صبح 8 بجے اولا تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا گیا ۔بعدہ مولانا سید ابوالفضل (لکھنؤ)نے خطاب کیا۔

مولانا موصوف نے تعلیمی مظاہرے میں بچوں کی کارکردگی کی ستائش کی اور مدرسہ جامعہ باب الحوائج کی سرگرمیوں پراظہار خوشی کرتے ہوئے کہا کہ سیدواڑہ جیسی مردم خیز سرزمین پر مدرسہ باب الحوائج کی جانب سے تقریباً پورے سال دینی تعلیمی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں کافی تعلیمی بیداری محسوس کی جاسکتی ہے۔

دریں اثناء لکھنؤ سے آئے بچوں نے منفرد اور انتہائی سبق آموز انداز میں تعلیمی مظاہرہ کیا جس سے حوصلہ پاکر مدرسہ باب الحوائج، مکتب امامیہ علی بن موسی الرضا اور مدرسہ فاطمة الزہرا کے طلباء وطالبات نے نصیحت آمیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا جسے وہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں موجود مردو،خواتین اور بچے بڑے انہماک اور دلجوئی کے ساتھ سنتے اور سمجھنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔

مولانا محمد مجتبیٰ’میثم‘ نے بتایا کہ مولانا ابوالفضل کے ہمراہ لکھنؤ سے آئے بچوں نے شاندار تعلیمی مظاہرہ کیا جو مقامی مدارس کے بچوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پرو گرام کے اختتام پر مظاہرے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء اور طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور دعا کے ساتھ شام تقریباً 5 بجے پروگرام اختتام پذیرہوا۔

اس موقع پر مولانا محمد مجتبیٰ نے مدرسہ باب الحوائج کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ مدرسہ جامعہ باب الحوائج کی جانب سے وقتاً فوقتاً تعلیمی مظاہرے،آئمہ کی ولادت اور شہادت کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں تاکہ موضوع کے حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کی جاسکے۔

واضح رہے کہ مرجع بزرگ آیت اللہ العظمیٰ الشیخ وحید خراسانی کے ہندوستان میں نمائندے مولانا محمد میاں عابدی (لکھنؤ) کی رہنمایٔ میں مرکز فقہ وفقاہت اکثرو بیشتر دینی تعلیم وتہذیب سے متعلق قوم میں بیداری لانے کے لئے اس طرح کے پروگرام کرتا رہتا ہے جو کافی پسند کئے جاتے ہیں۔ اسی کڑی میں’معارف حضرت فاطمہ زہرا‘ کے عنوان سے عالم پور میں پروگرام منعقد کیا گیا جسے علاقائی عوام نے کافی پسند کیا۔ پروگرام میں مولانا زائرعابد، مولانا ایازحسین، سفیرحیدر(پردھان)،نفیس حیدر،محب حسین سمیت کثیرتعداد میں معززین موجود تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .