حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کانپور/ ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام مومنین کانپور کی جانب سے شہر کانپور میں 5، 6، 7 نومبر کو سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس کا ساتواں جلسہ 7 نومبر کو دن میں 2 بجے مکتب امامیہ بابو پروہ اجیت گنج میں منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: کانپور میں ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس
مولوی سید میثم رضا موسوی متعلم جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے جلسہ کا آغاز کیا بعد مولانا قائم رضا مبلغ جامعہ امامیہ نے نعت پاک پڑھی۔ جناب شباب کانپوری اور جناب تاج کانپوری نے بارگاہ اہلبیت علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مکاتب امامیہ کے طلاب و طالبات نے تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔ مولانا سید حیدر علی زیدی صاحب مبلغ و استاد نے اپنی تقریر میں تربیت اولاد پر روشنی ڈالی اور اس سلسلہ میں معصومین علیہم السلام کی سیرت بیان کی۔
مولانا سید منور حسین رضوی صاحب انچارج جامعہ امامیہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث "اللہ نے ہمیں نو چیزوِں کا حکم دیا ہے۔ خلوت و جلوت میں اخلاص، ناراضگی اور رضامندی میں عدالت ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ اگر انسان کسی سے راضی ہو تو اسکی غلطیوں سے چشم پوشی کرتا ہے لیکن اگر کسی سے ناراض ہو تو برائی تو برائی اسکی نیکیوں میں بھی کمی نکالنے لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جوانوں کی دینی تعلیم کا اہتمام کریں، مولانا سید تنویر عباس
مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب نے مومنین کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: مومنین تک دین کا پیغام پہنچانا ادارہ تنظیم المکاتب کا اہم کارنامہ ہے۔ اسی لئے ادارہ کی جانب سے ہر اس زبان میں کتابیں، لکٹریچر اور دینیات کی کتابیں شائع کی گئیں۔ بانی تنظیم رحمۃ اللہ نے بچوں اور بچیوں کے لئے مکاتب قائم کئے بالغان کی تعلیم کا الگ اہتمام فرمایا۔ آج الحمد للہ گیارہ سو زیادہ مکاتب سرگرم عمل ہیں اسی طرح مدرسہ نونہالان، مدارس ابوطالب و خدیجہ بھی مصروف خدمت ہیں۔ ضرورت محسوس کرتے ہوئے کہ جو بچے اسکول و دیگر مصروفیات کے سبب مکتب نہیں آ سکتے ان کے لئے آن لائن تعلیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ادارہ تنظیم المکاتب نے ای مکتب، ای مدرسہ نونہالان، ای مدارس ابوطالب، ای مدارس خدیجہ، ای حوزہ قائم کیا ہے۔
آخر میں مولانا سید نامدار عباس صاحب فاضل جامعہ امامیہ نے مجلس عزا کو خطاب کیا۔ اس جلسہ میں نظامت کے فرائض مولانا سید علی ہاشم عابدی صاحب استاد جامعہ امامیہ نے انجام دیئے۔