حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام سید محمد حسن بابائی نے قزوین کے شہر ناصر آباد میں مسجد امام سجاد علیہ السلام میں منعقدہ "محفلِ انس با قرآن" کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآنی ثقافت کی ترویج، روحانی و معنوی ماحول کی ترویج اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا، لوگوں میں مذہبی عقائد کو تقویت دینا وغیرہ جیسے امور قرآنِ پاک کے ان نورانی اجتماعات کے انعقاد کے اہم مقاصد شمار ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا: محافلِ انس با قرآنِ کریم کا انعقاد معاشرہ میں مفاہیمِ قرآن کو فروغ دیتا ہے اور لوگوں کو اس آسمانی کتاب کی تعلیمات سے زیادہ آشنا کراتا ہے۔
اس ممتاز قاریٔ قرآن نے مزید کہا: محفلِ انس با قرآن میں قرآنِ پاک سے محبت اور عقیدت رکھنے والوں کے لیے ایک قیمتی موقع ہوتا ہے کہ وہ ان محافل میں خودسازی اور قرآن کریم کے لامحدود فضل و کرم سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ قرآنِ پاک کی معرفت بھی حاصل کریں۔
انہوں نے کہا: قرآنِ پاک کی مسلسل تلاوت انسان کی تخلیقی صلاحیتوں کو پہلے سے زیادہ مضبوط کرتی ہے۔ درحقیقت قرآنِ کریم پڑھنے کے فوائد صرف روحانی امراض کے علاج تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ انسانی ترقی و پیشرفت اور سماجی تعلقات کی بہتری پر بھی اس کے ناقابل تردید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
حجت الاسلام بابائی نے کہا: قرآن تمام زمانوں اور انسانی زندگی کے تمام شعبوں بشمول ثقافت، معاشرت، تعلیم، معنویت وغیرہ سب کے لئے مکمل ضابطۂ حیات رکھنے والی کتاب ہے جس کے نورانی ارشادات پر توجہ دے کراور اس پر عمل کر کے ہم راہِ سعادت کو حاصل کر سکتے ہیں۔