حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین مسعود عالی نے کہا کہ قرآن سے حقیقی انس ہی وہ شرط ہے جس کے ذریعے انسان پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہدایت اور نور سے بہرہ مند ہو سکتا ہے۔ صرف تلاوت کرنا یا ترجمہ جان لینا کافی نہیں، بلکہ حقیقتِ قرآن کے ساتھ مأنوس ہونا ضروری ہے۔
یہ بات انہوں نے صحن امام خمینیؒ میں نماز مغربین کے بعد میلاد رسول اکرمؐ اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
حجت الاسلام عالی نے کہا کہ خدا کی صفات جیسے علم، رحمت، حکمت اور مغفرت لامحدود ہیں، بخل اس کی ذات میں نہیں، مگر ان کمالات سے فیض حاصل کرنا انسان کے ظرف پر موقوف ہے، اگر انسان اپنی معنوی گنجائش کو بڑا کرے تو خدا اپنی لامحدود رحمت کو اس کے اندر جاری فرما دیتا ہے، پیغمبر اکرمؐ سب مخلوقات سے بڑی ظرفیت رکھتے تھے، اسی لیے خدا نے انہیں بلند ترین معارف عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ اولیائے سلوک اور اہل معرفت کے تجربات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ ریاضت، دعا اور قرآن کے ساتھ انس رکھنے سے خدا ایسے علوم اور معارف عطا کرتا ہے جنہیں بیان کرنے سے قلم و زبان قاصر رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم پیغمبر اکرمؐ کا سب سے بڑا آسمانی عطیہ اور اللہ کی سب سے عظیم تجلی ہے۔ اس کے ساتھ حقیقی انس ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعے انسان رسول خداؐ کی ہدایت و نور سے بہرہ مند ہو سکتا ہے۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ تمام انبیا پیغمبر خاتمؐ کے شاگرد ہیں اور ان تک پہنچنے والے معارف بھی انہی کے بحر بیکراں علم سے ہیں۔ لہٰذا اگر ہم بھی معرفتِ الٰہی کے انوار چاہتے ہیں تو ہمیں قرآن و اہل بیت علیہم السلام کے ساتھ اپنے انس کو گہرا کرنا ہوگا اور اپنی معنوی گنجائش کو وسیع کرنا ہوگا۔









آپ کا تبصرہ