حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ماہ شعبان کے ناموں میں سے ایک نام ماہ شفاعت ہے کیونکہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قیامت کے دن ان کی شفاعت کریں گے جو اس مہینے میں اپنی زبان پر ذکر صلوات جاری کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس صحرائے محشر میں بے حد وحساب شفاعت کا اختیار ہوگا اور خداوند متعال نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو لامحدود شفاعت کا حق دے رکھا ہے۔
دینی علوم کے استاد نے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہلبیت علیہم السلام کشتیٔ نوح کی طرح ہیں جو بھی اس میں سوار ہو گا نجات حاصل کرے گا اور جو اس کشتی میں سوار نہیں ہوگا وہ غرق ہو جائے گا کیونکہ خاندان عصمت و طہارت بے پناہوں کی پناہ گاہ ہیں۔
انہوں نے کہا: دین کی حفاظت اور دنیوی و اخروی سعادت و خوشبختی اہل بیت علیہم السلام سے تمسک میں ہے کیونکہ معصومین علیہم السلام بشریت کو گمراہی اور ہلاکت سے نجات دینے کا ذریعہ ہیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: تمام انبیاء خاندان عصمت و طہارت سے متوسل ہوا کرتے تھے کیونکہ ان کے پاس ہمہ گیر شفاعت کا حق نہیں تھا۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: جب انسان توحید کی وادی میں قدم رکھتا ہے تو کوئی دوسری چیز انسان کو اپنی جانب متوجہ نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا: امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام ہے منقول روایت میں آیا ہے کہ "مومن کبھی رحمت الہی سے ناامید نہیں ہوتا"۔
حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: قیامت کے دن جب دوسری امتیں سرگردان اور پریشان ہوں گی تو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت آنحضرت (ص) کی بے حد و حساب شفاعت سے بہرہ مند ہو گی۔