۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
فرحزاد

حوزہ / حوزہ علمیہ قم کے استاد نے کہا: ماہ رجب میں صدقہ دینے کی بہت تاکید وارد ہوئی ہے۔ روایات میں آیا ہے کہ کسی کے ساتھ ہر قسم کی نیکی کرنا صدقہ ہے پس اس مہینے میں افراد کی مدد کرنے کی کوشش کریں اور وہ مدد کسی پیاسے کو ایک گلاس پانی دینا بھی ہو سکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ہم ماہ جمادی الثانی کے اختتامی ایام گزار رہے ہیں۔ ماہ جمادی الثانی میں ہم حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مہمان تھے اور ان شاءاللہ ماہ رجب میں امیر المومنین علیہ السلام، ماہ شعبان میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ماہ رمضان میں خدا کے مہمان ہوں گے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے خدا کی نعمتوں پر شکر ادا کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا: ماہ رجب خدا کی نعمتوں کے برسنے کا مہینہ ہے اور رجب بہشت کی ایک نہر کا نام ہے جو شہد سے زیادہ شیریں اور دودھ سے زیادہ سفید ہے اور جو اس مہینے میں روزے رکھے گا تو خداوندعالم بہشت میں یہ نہر اس کا مقدر ٹھہرائے گا۔

حرم کریمہ اہل بیت سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: قیامت کے دن ان افراد کو کہ جنہوں نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی حمایت کی ہوگی، آواز دی جائے گی کہ "این الفاطمیون" یعنی فاطمیون کہاں ہیں؟ اور ان سب کی شفاعت کی جائے گی اور اسی طرح جو افراد ماہ رجب کے اعمال انجام دیں گے انہیں آواز دی جائے گی کہ "این الرجبیون" یعنی رجب والے کہاں ہیں؟تو وہ رجب میں انجام دئے جانے والے اعمال کی وجہ سے ہی وہ قیامت میں پہچانے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا: روایات میں آیا ہے کہ اگر کوئی ماہ رجب میں ایک روزہ رکھے تو خداوندمتعال کی خوشنودی، خدا کے غضب سے نجات اور جہنم کے دروازوں میں سے ایک دروازہ کے بند ہونے کا باعث ہوتا ہے۔

حجت الاسلام فرحزاد نے کہا: روایات میں ماہ رجب میں صدقہ دینے کی بہت تاکید ہوئی ہے۔ روایت میں ہے کہ کسی کے لیے نیک کام کو انجام دینا صدقہ ہے۔ کوشش کریں کہ اس مہینے میں محتاج لوگوں کی مدد کریں اگرچہ وہ مدد ایک پیاسے شخص کو ایک گلاس پانی دینے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو۔

دینی علوم کے استاد نے کہا: ماہ رجب کے اہم ترین اعمال میں سے ایک توبہ اور استغفار ہے۔ اگر ہم نے خدانخواستہ کسی پر ظلم کیا ہے تو اس کا حق ادا کرکے اسے راضی کریں اور اگر خدا کے حق کو ادا نہیں کیا ہے تو اس کی تلافی کریں۔

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں "جو شخص زیادہ استغفار کرتا ہے خدا وند عالم اسے ہر مشکل سے نجات دیتا ہے اور اسے ایسی جگہ سے روزی دیتا ہے جہاں سے اسے گمان بھی نہیں ہوتا"۔ پس جن افراد کی روزی کم ہے یا اس میں برکت نہیں ہے تو انہیں بہت زیادہ استغفار کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا: حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنی والدہ محترمہ کا قول نقل کیا کہ امام باقر علیہ السلام نے ان سے فرمایا "میں اپنے گنہگار شیعوں کے لئے ہمیشہ رات دن دعا کرتی ہوں کیونکہ ہم اہل بیت (علیہم السلام) اگر کوئی مصیبت دیکھتے ہیں تو اس پر صبر کرتے ہیں یعنی ہم ایسی مصیبت پر صبر کرتے ہیں جسے ہم دیکھتے ہیں لیکن ہمارے شیعہ ایسی مصیبت پر صبر کرتے ہیں جسے وہ نہیں دیکھتے"۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: علامہ طباطبائی کبھی درس دیتے ہوئے خاموش ہوجاتے یا راہ چلتے ہوئے ایک دم رک جاتے تاکہ افراد متوجہ ہوجائیں اور پھر فرماتے "ہم جاودانگی اور ہمیشہ رہنے کے لئے خلق ہوئے ہیں اور یہ چند روزہ دنیا بہت جلد ختم ہوجائے گی لیکن ہمیں اس چند روزہ دنیا میں ہی جاودانہ اور ابدی زندگی کو بنانا ہے"۔ پس ہمیں چاہیے کہ ماہ رجب اور دیگر مہینوں کی فرصتوں سے بہترین استفادہ کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .