ہفتہ 11 جنوری 2025 - 07:30
تعلیم انسان کو جانوروں سے ممتاز کرتی ہے، استاد کو رول ماڈل ہونا چاہئے: مولانا نقی مھدی زیدی

حوزہ/ امام جمعہ تاراگڑھ نے استاد و شاگرد کے حقوق کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں تعلیم ہی انسانوں کو جانوروں کے مقابلے میں ممتاز کرتی ہے، شاید یہی سبب ہے کہ پوری انسانی تاریخ میں اساتذہ کا مقام سب سے بلند گردانا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اجمیر تاراگڑھ میں حجۃالاسلام مولانا سید نقی مھدی زیدی نے نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقویٰ الٰہی کی نصیحت کے بعد امام حسن عسکری علیہ السلام کے وصیت نامہ کی شرح و تفسیر کرتے ہوئے استاد و شاگرد کے حقوق کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں تعلیم ہی انسانوں کو جانوروں کے مقابلے میں ممتاز کرتی ہے، شاید یہی سبب ہے کہ پوری انسانی تاریخ میں اساتذہ کا مقام سب سے بلند گردانا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حدیث کے مطابق پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جب پہلی وحی نازل ہوئی تو اس کا پہلا جملہ یہ تھا کہ پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے تمام چیزوں کو پیدا کیا ہے۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ پہلی وحی میں ہی علم پر سب سے زیادہ زور دیا گیا ہے اور خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک معلم تھے۔ انھوں نے انسانوں کو اخلاقیات، تقویٰ اور صحیح طرز عمل کی تعلیم دی، رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے نہ صرف زبانی علم سکھایا بلکہ ان تمام باتوں کو اپنی زندگی میں عملی طور پر کرکے بھی دکھا دیا، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اسلام کے مطابق تعلیم صرف کتابوں تک رسائی کا نام نہیں بلکہ ایک استاد کو علم دینے کے ساتھ ساتھ رول ماڈل بھی ہونا چاہئے۔

مولانا نقی مھدی زیدی نے ماہ رجب المرجب کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس مہینے میں پروردگار عالم کی بارگاہ میں دعا و مناجات اور توسل جتنا زیادہ ہو سکے کیجیے! بزرگوں نے، عارفوں نے، اللہ کی راہ پر چلنے والوں نے ماہ رجب اور شعبان کو، ماہ رمضان کی تمہید قرار دیا ہے۔

امام جمعہ تاراگڑھ نے کہا کہ: روایات میں اس مہینے میں صدقہ دینے کی بہت تاکید وارد ہوئی ہے۔ روایت میں ہے کہ کسی کے لیے نیک کام کو انجام دینا صدقہ ہے۔ کوشش کریں کہ اس مہینے میں محتاج لوگوں کی مدد کریں اگرچہ وہ مدد ایک پیاسے شخص کو ایک گلاس پانی دینے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو۔

حضرت علی (علیہ السلام) نے فرمایا:

"جو شخص خوشنودی پروردگار کی خاطر ماہ رجب میں صدقہ دے تو خداوندعالم اس کی عزت و اکرام میں اسے ایسا اجر و ثواب عطا فرمائے گا جو کسی آنکھ نے دیکھا نہ کسی کان نے سنا اور نہ جس کا خیال تک کسی بشر کے دل میں آیا ہو گا۔(الأمالي، الشيخ الصدوق، ص ٦٣٥)

انہوں نے مزید کہا کہ: روایات میں آیا ہے کہ اگر کوئی اس ماہ میں ایک روزہ رکھے تو خداوندمتعال کی خوشنودی، خدا کے غضب سے نجات اور جہنم کے دروازوں میں سے ایک دروازہ کے بند ہونے کا باعث ہوتا ہے۔

حضرت انس بن مالک نے نبی اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے روایت کی ہے:

"مَنْ صَامَ يَوْماً مِنْ رَجَبٍ إِيمَاناً وَ اِحْتِسَاباً جَعَلَ اَللَّهُ تَبَارَكَ وَ تَعَالَى بَيْنَهُ وَ بَيْنَ اَلنَّارِ سَبْعِينَ خَنْدَقاً عَرْضُ كُلِّ خَنْدَقٍ مَا بَيْنَ اَلسَّمَاءِ إِلَى اَلْأَرْضِ.

"جس نے ایمان اور تقرب خداندی کے ساتھ رجب کا ایک دن روزہ رکھا تو اللہ تعالی اس کے اور آتش جہنم کے درمیان ایسی ستر خندقیں قرار دے گا کہ ہر خندق کی چوڑائی زمین و آسمان کے درمیان فاصلے جتنی ہو گی۔"(الأمالي، الشيخ الصدوق، ص ٥٩)

خطیب جمعہ تاراگڑھ نے مزید بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: اللہ تبارک و تعالیٰ نے ساتویں آسمان پر ایک فرشتہ کو معین کیا ہے جس کو ‘‘داعی’’ کہتے ہیں ۔ جب ماہ رجب داخل ہوتا ہے تو یہ فرشتہ ہر شب میں صبح تک ندا دیتا ہے‘‘طوبی لِلذّاكِرينَ! طوبى لِلطّائِعينَ’’ خوش خبری ہے اللہ کا ذکر کرنے والوں کے لئے، خوش خبری ہے اللہ کی اطاعت کرنے والوں کے لئے۔

‘‘ويَقولُ اللّهُ تَعالى : أنا جَليسُ مَن جالَسَني ، ومُطيعُ مَن أطاعَني ، وغافِرُ مَنِ استَغفَرَني ، الشَّهرُ شَهري ، وَالعَبدُ عَبدي ، وَالرَّحمَةُ رَحمَتي ، فَمَن دَعاني في هذَا الشَّهرِ أجَبتُهُ ، ومَن سَأَلَني أعطَيتُهُ ، ومَنِ استَهداني هَدَيتُهُ ، وجَعَلتُ هذَا الشَّهرَ حَبلاً بَيني وبَينَ عِبادي ؛ فَمَنِ اعتَصَمَ بِهِ وَصَلَ إلَيَ’’

اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں اس کا ہم نشین ہوں جو میری ہم نشینی کرے، میں اس کا فرمانبردار ہوں (یعنی میں اس کا خیال رکھوں گا ) جو میری اطاعت کرے، میں اسے معاف کر دوں گا جو مجھ سے مغفرت طلب کرے، مہینہ میرا مہینہ ہے، بندہ میرا بندہ ہے، رحمت میری رحمت ہے۔ جو بھی مجھ سے اس ماہ میں دعا مانگے گا میں اجابت کروں گا، جو مجھ سے سوال کرے گا میں عطا کروں گا، جو مجھ سے ہدایت چاہے گا اس کی ہدایت کروں گا، اس ماہ کو اپنے اور اپنے بندوں کے درمیان واسطہ قرار دیا ہے پس جو بھی اس سے متمسک ہو گا وہ مجھ تک پہنچ جائے گا۔

حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے اس ہفتے کی مناسبتیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے ہفتے میں کل یعنی ١٠,رجب المرجب کو ولادت با سعادت شہید کربلا فرزند سید الشہداء ؑحضرت علی اصغر علیہ السلام سن 60 ہجری اور ١٠؍ رجب المرجب ہی کو سن ۱۹۵ہجری میں حضرت جواد الائمہ امام محمد تقی علیہ السلام کی ولادت ہوئی ۔آپ کو خاندان عصمت و طہارت کا مولود مبارک کہتے ہیں ۔ آپؑ نے اس کمسنی میں بڑے بڑے علماء و فقہاء سے مناظرے کئے اور انکو شکست قبول کرنے پر مجبور کیا۔

۱۳؍ رجب سن ۳۰ عام الفیل کو مولیٰ الموحدین، سید الوصیین ، امیرالمومنین ، امام المتقین حضرت علی بن طالب علیہ الصلوٰۃ و السلام کی ولادت با سعادت ہوئی۔

۱۵؍ رجب المرجب مظلوم کربلا کی زیارت کا خاص دن ہے، اسی دن سن ۶۲ ہجری کو محافظہ مقصد سید الشہداءؑ، عقیلہ بنی ہاشم ام المصائب حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا نے اس دنیا سے کوچ فرمایا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha