بدھ 8 جنوری 2025 - 22:03
علم کی برکت استاد کے احترام میں ہے، مولانا ابوالقاسم رضوی

حوزہ/ نجف اشرف میں حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابو القاسم رضوی کی ابنائے جامعہ امام امیر المومنین علیہ السلام (نجفی ہاؤس) سے ملاقات

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آسٹریلیا میں مقیم مایہ ناز خطیب و مبلغ اور امام جمعہ ملبورن، صدر شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا، حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابو القاسم رضوی نے اپنے حالیہ دورہ عراق کے دوران نجف اشرف میں مقیم جامعہ امام امیر المومنین علیہ السلام (نجفی ہاؤس) کے طلبہ سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات ایک روحانی اور علمی نشست کی شکل میں منعقد ہوئی، جہاں مولانا سید ابو القاسم رضوی نے طلبہ سے خطاب کیا اور تبلیغ دین کے اہمیت و تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ "تبلیغ دین صرف ایک فریضہ نہیں بلکہ انبیاء و آئمہ کی وراثت ہے، اور ہمیں اسے پوری ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ انجام دینا چاہیے۔"

مولانا نے اپنی گفتگو کا آغاز مرحوم اساتذہ، حجت الاسلام و المسلمین شیخ ناصری اور حجت الاسلام و اسماعیل رجبی کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔ مولانا رضوی نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی اور ان کے علمی و تبلیغی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ "اساتذہ کا احترام علم کی برکت کا سبب بنتا ہے، اور استاد کی تعظیم و تکریم ہر طالب علم پر واجب ہے۔ اللہ، رسول اور ائمہ نے معلم کے کردار کو اہمیت دی ہے، اور ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔"

ملاقات کے دوران مولانا رضوی نے طلبہ کے سوالات کے جوابات بھی دیے اور انہیں دین کی خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کی تلقین کی۔

اختتام پر مولانا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور موجودہ طلبہ کو علم و عمل کی راہ میں کامیاب کرے۔

یہ ملاقات طلبہ کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہوئی، جس نے انہیں تبلیغ دین کے میدان میں مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کا عزم دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha